fbpx
خبریں

’ٹیم کے ارادے کچھ اور ہیں‘: پاکستانی ترانے ’ساڈی واری اوئے‘ پر دلچسپ تبصرے/ اردو ورثہ

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے کرکٹ ٹی 20 ورلڈ کپ 2024 کے لیے فنکاروں علی عظمت، عارف لوہار اور نیہال نسیم کی آواز میں گایا گیا ترانہ ریلیز کر دیا ہے۔

پی سی بی کے سوشل میڈیا پر شیئر کیے گئے ورلڈ کپ 2024 کے گانے ’ساڈی واری اوئے‘ کو ایونٹ کے آغاز سے چند گھنٹے قبل ہی ریلیز کیا گیا ہے۔

کرکٹ بورڈ نے یہ ترانہ پرستاروں کے نام کرتے ہوئے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر لکھا: ’یہ ترانہ ہمارے مداحوں کے نام، جو ہر فتح اور چیلنج پر پاکستانی ٹیم کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں۔

’آئیے متحد ہو کر دنیا کو تسخیر کرنے کے اپنی ٹیم کے سفر کو منائیں۔ پاکستان زندہ باد۔‘

زیادہ تر سوشل میڈیا صارفین اس گانے کے لیے پسندیدگی کا اظہار کر رہے ہیں، کچھ ناپسندیدگی کا بھی، کچھ پاکستانی کرکٹ ٹیم کی حالیہ کارکردگی سے پریشان اور مایوس ہیں اور ترانے پر بھی ٹیم پرفارمنس کے بارے میں کمنٹس کر رہے ہیں۔

مہر عرفان نامی صارف نے ٹیم پرفارمنس پر تبصرہ کرتے ہوئے لکھا: ’ہمارے ارادے تو پکے ہیں مگر ٹیم کے ارادے کچھ اور ہیں۔‘

ایک اور صارف نے ورلڈ کپ 2024 کے لیے پاکستان کے ترانے کی تعریف کرتے ہوئے تحریر کیا کہ ’ترانہ بہت پسند آیا۔ نیک خواہشات۔‘

عظیم صدیقی صارف نے گلوکاروں کو سراہتے ہوئے لکھا: ’لیجنڈز واپس آ گئے ہیں۔‘

ایکس صارف اعظم خان نے ورلڈ کپ کے لیے پی سی بی کے ترانے میں آئمہ بیگ کی کمی کو محسوس کرتے ہوئے تحریر کیا: ’آئمہ بیگ کا کوئی متبادل نہیں ہے۔ یہ گانا ان کی آواز میں کہیں بہتر ہوتا۔‘

وجدان نامی ایکس صارف کو ترانہ پسند نہیں آیا اور اس کا اظہار انہوں نے کچھ ان الفاظ میں کیا: ’اسے سن کر ہمارا مورال ڈاؤن ہو رہا ہے۔‘

ایک اور ایکس صارف کو ٹیم کی حالیہ کارکردگی کو مدنظر رکھتے ہوئے کمنٹ کیا: ’ٹیم کی جو موجودہ صورت حال چل رہی ہے اس میں گانا بنا کر بس پیسے ہی برباد کیے ہیں۔‘

امریکا میں کھیلے جانے والے ٹی 20 ورلڈ کپ سے چند روز قبل انگلینڈ کی ٹیم نے پاکستان کو چار میچز کی سیریز میں دو صفر سے شکست دے کر سیریز اپنے نام کر لی تھی۔

ورلڈ کپ کے آغاز سے محض چند روز قبل اس شکست پر پاکستانی کرکٹ شائقین نے شدید مایوسی کا اظہار کیا تھا۔




Source link

رائے دیں

Back to top button
Close

Adblock Detected

برائے مہربانی ایڈ بلاکر ختم کیجئے