fbpx
خبریں

’مبینہ تجاوزات‘: اسلام آباد میں دفتر سیل کیے جانے پر پی ٹی آئی سراپا احتجاج/ اردو ورثہ

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی انتظامیہ کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) نے جمعرات اور جمعے کی درمیانی شب مبینہ تجاوزات کے خلاف آپریشن کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے اسلام آباد سیکرٹریٹ کو سیل کر دیا، جس پر پی ٹی آئی سراپا احتجاج ہے۔

سی ڈی اے نے ایکس پر جمعے کو جاری کیے گئے بیان میں کہا کہ ’بلڈنگ بائی لاز کی خلاف ورزیوں، غیر قانونی تعمیرات اور تجاوزات کے خاتمے‘ کے لیے اسلام آباد کے سیکٹر G-8/4 میں سی ڈی اے نے آپریشن کیا۔

مزید کہا گیا کہ ’سیاسی جماعت کی طرف سے ایک پلاٹ پر قائم کی گئی تجاوزات اور غیر قا نونی تعمیرات کو ختم کیا جا رہا ہے۔‘

سی ڈی اے کے مطابق جس جگہ کارروائی کی گئی وہ پلاٹ سرتاج علی نامی شخص کو الاٹ کیا گیا، جسے بعد میں ایک رہائشی علاقے میں سیاسی جماعت کے دفتر میں بدل دیا گیا۔

بقول سی ڈی اے: ’مذکورہ پلاٹ سے ملحقہ اراضی پر قبضہ کر کے بڑے پیمانے پر تجاوزات قائم کی گئی ہیں۔ مذکورہ پلاٹ پر بلڈنگ بائی لاز کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ایک اضافی منزل بھی تعمیر کی گئی تھی۔ مزکورہ مالک کی طرف سے متعدد دیگر خلاف ورزیاں بھی کی گئی ہیں۔‘

 

سی ڈی اے کا کہنا ہے کہ چار ستمبر 2023 کو خلاف ورزیاں ختم نہ کرنے پر شوکاز نوٹس بھی جاری کیا گیا تھا۔

’احکامات پر عملدرآمد نہ کرنے اور خلاف ورزیاں ختم نہ کرنے پر 10 مئی 2024 کو اس پلاٹ کو سر بمہر کرنے کے احکامات جاری کیے گئے۔ بلڈنگ قوانین پر عملدرآمد کرنے اور تجاوزات کے خاتمے کے لیے آپریشن عمل میں لایا گیا ہے۔‘

جب سی ڈی اے کی کارروائی جاری تھی تو تحریک انصاف کے موجودہ چیئرمین گوہر علی خان اور پی ٹی آئی کی دیگر سیاسی قائدین موقع پر پہنچے اور پارٹی دفتر کے خلاف کارروائی کی مذمت کی۔

گوہر علی خان نے ’ایکس‘ پر ایک بیان میں کہا کہ ’نصف شب کے قریب بغیر کسی نوٹس کے پاکستان تحریکِ انصاف کے مرکزی دفتر پر یلغار اور کی جانے والی توڑ پھوڑ لاقانونیت کی شرمناک نمائش اور نہایت قابلِ مذمت ہے۔‘

انہوں نے کہا کہ  ’تحریک انصاف کے دفتر کو توڑنے کا مقصد ہمیں اپنے نظریے سے ہٹانا اور پرامن سیاسی سرگرمیوں سے باز رکھنا ہے۔ ہم اندھی طاقت اور دھونس کی کسی قسم اور نوعیت سے خوفزدہ نہیں ہوں گے اور بانی چیئرمین عمران خان کی قیادت میں آئین کی بالادستی، قانون کی حکمرانی اور قوم کی حقیقی آزادی کے لیے اپنی پرامن جمہوری جدوجہد جاری رکھیں گے۔‘

سی ڈی اے نے بھاری مشینری کی مدد سے کارروائی کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے سینٹرل سیکریٹریٹ کے ارد گرد رکھے کنٹینرز اور دیگر مبینہ تجاوزات کو مسمار کیا۔

پی ٹی آئی کے ایک مرکزی رہنما اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف عمر ایوب نے جمعرات کو رات دیر گئے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ وہ سی ڈی اے کے اس اقدام پر قومی اسمبلی میں تحریک استحقاق لائیں گے۔




Source link

رائے دیں

Back to top button
Close

Adblock Detected

برائے مہربانی ایڈ بلاکر ختم کیجئے