معروف نیپالی گائیڈ کامی ریتا شرپا نے بدھ کو 30 ویں مرتبہ ماؤنٹ ایورسٹ سر کرنے کا ریکارڈ قائم کر دیا ہے، انہوں نے رواں ماہ دوسری بار ماؤنٹ ایورسٹ سر کی ہے۔
بیس کیمپ کے ایک سرکاری عہدیدار کھیم لال گوتم کے مطابق ریتا (بدھ کی) صبح سات بجکر 49 منٹ پر 8،849 میٹر (29،032 فٹ) بلند چوٹی پر پہنچے۔
اس سال کے کوہ پیمائی سیزن میں پہلی بار وہ 12 مئی کو غیر ملکی گاہکوں کی رہنمائی کے لیے ماؤنٹ ایورسٹ کی چوٹی تک گئے تھے۔
انہوں نے گذشتہ سال بھی دو بار ماؤنٹ ایورسٹ سر کی تھی، جس سے دنیا کی بلند ترین چوٹی ماؤنٹ ایورسٹ پر سب سے زیادہ بار چڑھنے کا ریکارڈ قائم کیا اور ایک ہفتے سے بھی کم عرصے بعد اس ریکارڈ کو بھی توڑ دیا۔
ماؤنٹ ایورسٹ کو سب سے زیادہ بار سر نے کرنے والوں میں ان کے نزدیک ترین حریف ساتھی شرپا گائیڈ پاسانگ داوا ہیں، جنہوں نے اس چوٹی کو 27 بار کامیابی سے سر کیا۔
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
ریتا نے پہلی بار 1994 میں ایورسٹ کو سر کیا تھا اور اس کے بعد سے تقریباً ہر سال سر کرتے رہے ہیں۔ وہ ان بہت سے شرپا گائیڈز میں سے ایک ہیں جن کا تجربہ اور مہارت ہر سال ان غیر ملکی کوہ پیماؤں کی حفاظت اور کامیابی کے لیے اہم ہے جو پہاڑ کی چوٹی پر کھڑا ہونا چاہتے ہیں۔
ان کے والد پہلے شرپا گائیڈز میں سے تھے۔ ایورسٹ پر چڑھنے کے علاوہ، کامی ریتا نے دنیا کی بلند ترین چوٹیوں میں سے کئی دیگر کو بھی سر کیا ہے جن میں کے ٹو، چو اویو، مناسلو اور لوتسے شامل ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ 450 سے زائد کوہ پیما رواں کوہ پیمائی سیزن، جو چند روز میں ختم ہو جائے گا، میں نیپال کی جانب سے ماؤنٹ ایورسٹ کو سر کر چکے ہیں۔
نیپالی حکام نے سینکڑوں غیر ملکی کوہ پیماؤں کو کوہ پیمائی کے اجازت نامے جاری کیے۔ کوہ پیمائی کے موسم کے دوران کم از کم اتنے ہی مقامی شرپا گائیڈ ان کے ساتھ ہوں گے۔
ماؤنٹ ایورسٹ کو پہلی بار سر کرنے والی کوہ پیمائی مہم کے واحد زندہ رکن نے رواں سال کے شروع میں کہا تھا کہ دنیا کی بلند ترین چوٹی بہت زیادہ رش والی اور گندی ہے اور یہ پہاڑ ایک دیوتا ہے جس کا احترام کرنا چاہیے۔
91 سالہ کانچھا شرپا اس ٹیم کے 35 ارکان میں شامل تھے جنہوں نے 29 مئی 1953 کو نیوزی لینڈ کے ایڈمنڈ ہیلری اور ان کے شرپا گائیڈ ٹینزنگ نورگے کو 8،849 میٹر (29،032 فٹ) کی چوٹی پر پہنچایا تھا۔
کانچھا نے کہا کہ ’پہاڑ کے لیے بہتر ہوگا کہ کوہ پیماؤں کی تعداد کم کر دی جائے۔ اس وقت چوٹی پر ہمیشہ لوگوں کا ایک بڑا ہجوم رہتا ہے۔‘
پہلی بار سر کیے جانے کے بعد سے، اس چوٹی کو ہزاروں بار سر کیا گیا ہے اور ہر سال اس پر پہلے سے زیادہ بھیڑ ہوتی ہے۔ 2023 میں موسم بہار کے کوہ پیمائی کے موسم کے دوران، 667 کوہ پیماؤں نے چوٹی کو سر کیا، لیکن اس سے مارچ اور مئی کے مہینوں کے درمیان ہزاروں افراد پر مشتمل معاون عملہ بیس کیمپ میں آیا۔