سعودی عرب کے نائب وزیر خزانہ برائے امور خارجہ رياض بن محمد الخريّف کی قیادت میں 30 سعودی کمپنیوں کے سرمایہ کاروں کا وفد آج پاکستان پہنچے گا۔
سعودی وفد کی آمد کی تصدیق ہفتے کے روز وزیر توانائی مصدق ملک نے ایک پریس کانفرنس میں کی تھی۔
وفاقی وزیرتوانائی کے مطابق سعودی وفد کی پاکستان میں موجودگی کے دوران 10 ارب ڈالر تک کی سرمایہ کاری کے معاہدوں اور مفاہمت کی یادداشتوں پردستخط ہونے کا امکان ہے۔
گذشتہ روز وفاقی وزیرتوانائی مصدق ملک نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا تھا کہ ’سعودی وفد میں سعودیہ کی آئی ٹی، میرین، مائننگ، تیل و گیس کی تلاش، ادویات سازی، ایوی ایشن کی بڑی بڑی کمپنیوں کے 30 سے زائد سی ای اوز شامل ہوں گے۔
’اس کے علاوہ فنانس، زراعت، ٹیلی کمیونیکیشن، تعمیرات، لاجسٹک سروسز، پراپرٹی ڈیویلپرز، ریٹیلرز اور دیگر کمپنیوں کے سربراہان بھی وفد کا حصہ ہوں گے۔‘
وزیراعظم شہباز شریف کے حالیہ دورہ سعودی عرب، جس میں انہوں نے عالمی اقتصادی فورم میں شرکت کی تھی، ان کی سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے بھی ملاقات ہوئی تھی۔
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
وزیراعظم ہاؤس سے جاری بیان کے مطابق جمعے کے روز وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت سعودی عرب کی پاکستان میں سرمایہ کاری اور منصوبوں پر پیش رفت کے حوالے سے اعلی سطح کے جائزہ اجلاس میں سعودی عرب کی کاروباری شخصیات کے وفد کے آئندہ چند روز میں دورہ پاکستان کے بارے میں آگاہ کیا گیا تھا۔
وزیراعظم شہبازشریف نے فورم کو ہدایات جاری کیں اور کہا کہ ’سعودی وفد کی بہترین مہمان نوازی کی جائے۔ امید ہے سعودی وفد کے ساتھ پاکستانی کاروباری شخصیات کی ملاقاتیں نتیجہ خیز ہوں گی۔‘
وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ ’سعودی فرامانروا عزت مآب سلمان بن عبدالعزیز اور سعودی ولی عہد و وزیرِاعظم محمد بن سلمان پاکستان میں سرمایہ کاری کے فروغ اور اس کی ترقی و خوشحالی میں گہری دلچسپی رکھتے ہیں۔
’سعودی وفد سعودی فرمانروا اور وزیراعظم محمد بن سلمان کی خصوصی ہدایات پر پاکستان کا دورہ کر رہا ہے، وفد میں سعودی عرب کی کاروباری، تجارتی اور سرمایہ کار شخصیات شامل ہیں۔‘