حکومت پاکستان نے ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اعلان کرتے ہوئے پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں پانچ روپے سے زائد کی کمی کر دی ہے۔
محکمہ خزانہ کی جانب سے منگل کی شب جاری ہونے والے نوٹیفیکیشن کے مطابق پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں پانچ روپے 45 پیسے کی کمی کی گئی ہے۔
جس کے بعد پیٹرول کی فی لیٹر قیمت اب 288 روپے 49 پیسے ہو گئی ہے جبکہ اس کی پرانی قیمت 293 روپے 94 پیسے تھی۔
اسی طرح حکومت نے ہائی سپیڈ ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں بھی آٹھ روپے 42 پیسے کمی کا اعلان کیا ہے۔ اس طرح ہائی سپیڈ ڈیزل کی نئی قیمت 281 روپے 96 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے جبکہ اس کی پرانی قیمت 290 روپے 38 پیسے فی لیٹر تھی۔
نوٹیفیکیشن کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اطلاق رات 12 بجے سے ہوگا۔
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
اس سے قبل حکومت نے پیٹرول کی قیمت میں ایک ماہ کے دوران دو مرتبہ اضافہ کیا تھا۔
حکومت نے یکم اپریل کو پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں نو روپے 66 پیسے جبکہ 16 اپریل کو پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں مزید 4 روپے 53 پیسے کا اضافہ کیا تھا۔
اسی طرح یکم اپریل کو ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں تین روپے 32 پیسے جبکہ 16 اپریل کو آٹھ روپے 14 پیسے کا اضافہ کیا گیا تھا۔