پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان کا کہنا ہے کہ ان کی جماعت کے نہ اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ ’بیک ڈور‘ رابطے ہیں اور نہ ہی کسی سیاسی جماعت کے ساتھ کسی قسم کے روابط ہیں۔
بیرسٹر گوہر علی خان نے منگل کو یہ بات قومی اسمبلی کے اجلاس سے قبل انڈپینڈنٹ اردو کی جانب سے پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں کہی۔
گذشتہ چند روز سے ذرائع ابلاغ پر ایسی خبریں گردش کر رہی ہیں کہ پاکستان تحریک انصاف کے اسٹیبلشمنٹ سے ’بیک ڈور رابطے‘ جاری ہیں۔
اس تناظر میں جب گوہر علی خان سے پوچھا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ ’ہمارے کسی کے ساتھ بھی نہ تو بیک ڈور رابطے ہیں نہ ہی فرنٹ ڈور روابط ہیں۔‘
گوہر علی خان نے کہا کہ ’عمران خان نے خود کہا ہے کہ نہ بانی پی ٹی آئی سے رابطہ ہوا ہے نہ ہی چیئرمین کے ساتھ۔ ہمارا اگر رابطہ ہوا تو ہم آپ سے ضرور بات کریں گے۔‘
ان کا کہنا ہے کہ ’خان صاحب نے تو یہاں تک کہا ہے کہ میں کس چیز کے مذاکرات کروں۔ اگر مذاکرات کرنے ہوتے تو آٹھ فروری سے پہلے کرتے۔‘
گوہر علی خان کا کہنا تھا کہ ’جو سیاسی جماعتیں ہیں ان سے اتحاد کے سلسلے میں ہماری گفتگو ہو رہی ہے۔‘
اس حوالے سے وفاقی وزیر اطلاعات اور مسلم لیگ ن کے رہنما عطا تارڑ نے بھی انڈپینڈنٹ اردو سے بات کرتے ہوئے تصدیق کی کہ ان کی جماعت کا پی ٹی آئی سے کوئی ’بیک ڈور‘ رابطہ نہیں ہے۔
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
پاکستان تحریک انصاف سمیت اپوزیشن کی چھ جماعتیں رواں ماہ ہی حکومت مخالف تحریک کا آغاز کر چکی ہیں۔
حکومت مخالف تحریک کا آغاز کرنے والے اپوزیشن اتحاد میں پاکستان تحریک انصاف، پشتونخوا ملی عوامی پارٹی، بلوچستان نیشنل پارٹی مینگل، جماعت اسلامی، مجلس وحدت المسلمین اور سنی اتحاد شامل ہیں۔
پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان نے انڈپینڈنٹ اردو سے بات کرتے ہوئے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی صحت کے حوالے سے کہا کہ ’ہمیں بی بی کی صحت اور سکیورٹی کے حوالے سے تشویش رہی ہے۔‘
گذشتہ روز بشریٰ بی بی کی طبیعت کے حوالے سے بعض پی ٹی آئی رہنماؤں نے سوشل میڈیا پر اپنے پیغامات میں تشویش کا اظہار کیا تھا۔
اس حوالے سے گوہر علی خان نے بتایا کہ ’بشریٰ بی بی کے ہاتھ اور سینے میں تھوڑی تکلیف تھی۔ ڈاکٹروں نے انہیں پہلے ہی کہا تھا کہ آپ کی جو حالت سے ہمیں لگ رہا ہے کہ خدانخواستہ یہ ہارٹ اٹیک کی طرف جا رہی ہے۔‘
دوسری جانب وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے اس بارے میں بتایا ہے کہ ’بشریٰ بی بی کا طبی معائنہ اسلام آباد کے بہترین نجی ہسپتالوں میں سے ایک الشفا سے کروایا گیا ہے جس میں کوئی بڑی بیماری کی تشخیص نہیں ہوئی ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’وہ صحت مند ہیں اور انہیں جسمانی طر پر مکمل فٹ قرار دیا گیا ہے۔‘