پاکستان نے نیوزی لینڈ کو راولپنڈی میں کھیلے جانے والے دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں سات وکٹوں سے شکست دے دی ہے۔
راولپنڈی میں ہفتے کو کھیلے جانے والے میچ میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کا 91 رنز کا ہدف تین وکٹوں کے نقصان پر 13ویں اوور میں حاصل کر لیا۔
پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان پانچ ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز کا دوسرا میچ آج راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلا جا رہا ہے جہاں نیوزی لینڈ کے 91 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی بیٹنگ جاری ہے۔
کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا جو صحیح ثابت ہوا۔ دوسری جانب نیوزی لینڈ کے بلے باز آغاز سے ہی دباؤ میں دکھائی دیے اور اسی دباؤ سے نکلنے کے لیے جارحانہ بیٹنگ کرنے کی کوشش میں یکے بعد دیگر اس کی وکٹیں گرتی ہی چلی گئیں۔
شاید یہی وجہ تھی کہ نیوزی لینڈ کے کپتان بھی پہلے بولنگ ہی کرنا چاہتے تھے۔ گذشتہ چند روز سے خراب موسم کے باعث راولپنڈی کی پچ زیادہ وقت کوورز میں ہی رہی ہے جس کا پاکستانی بولرز نے خوب فائدہ اٹھایا۔
نیوزی لینڈ کی نوجوان اور ناتجربہ کار بیٹنگ لائن اپ پاکستانی تجربہ کار بولنگ لائن کے خلاف اننگز کے تمام اوورز بھی نہ کھیل سکی۔ ان کے لیے سب سے زیادہ 19 رنز مارک چیپمین نے سکور کیے۔ دوسری جانب پاکستان کی طرف سے صرف افتخار احمد کے علاوہ باقی تمام ہی بولرز نے وکٹیں حاصل کیں۔
شاہین شاہ آفریدی نے تین، محمد عامر، ابرار احمد اور شاداب خان نے دو، دو جبکہ نسیم شاہ نے ایک وکٹ حاصل کی۔
دونوں ٹیموں کے درمیان پانچ میچوں کی سیریز کے ابتدائی تین میچ راولپنڈی میں جبکہ بقیہ دو میچ لاہور میں کھیلے جانے ہیں۔
پاکستان نے دوسرے میچ کے لیے ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی ہے جبکہ نیوزی لینڈ کی ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی ہے۔ جاش کلارکسن طبیعت کی ناسازی کے باعث دستیاب نہیں ہیں۔
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
دوسری جانب پاکستان کے لیے بری خبر یہ ہے کہ وکٹ کیپر بلے باز اعظم خان نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز سے باہر ہو گئے ہیں۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق اعظم خان کو انجری کے باعث ڈاکٹرز کی جانب سے دس روز آرام کا مشورہ دیا گیا ہے۔
کرکٹ بورڈ کے مطابق اعظم خان اب نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں رپورٹ کریں گے جہاں وہ پی سی بی کے میڈیکل پینل کی نگرانی میں اپنی بحالی کا عمل شروع کریں گے۔