پاکستان کرکٹ ٹیم کو انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ورلڈ کپ 2024 کے لیے اپنی تیاریوں کا آغاز آج (جمعرات کو) نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کے پہلے میچ سے کرنا ہے لیکن جڑواں شہروں میں بارش کے سبب اس میچ کے ہونے یا نہ ہونے کے بارے میں شکوک و شبہات پیدا ہو گئے ہیں۔
آج كا میچ راولپنڈی میں پاکستان کے معیاری وقت كے مطابق شام 7:30 بجے شروع ہونا ہے تاہم جڑواں شہروں میں بارش سے یہ میچ متاثر ہو سكتا ہے۔
آل راؤنڈر مائیکل بریسویل کی قیادت میں نیوزی لینڈ کی کرکٹ ٹیم 14 سے 28 اپریل تک پانچ میچوں کی ٹی 20 سیریز کھیلنے کے لیے گزشتہ ہفتے پاکستان پہنچی تھی۔
راولپنڈی آج كے میچ كے ساتھ ہفتہ اور اتوار کو بھی میچز کی میزبانی کرے گا جبکہ لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں اگلے ہفتے جمعرات اور ہفتہ کو بقیہ دو میچوں كا انعقاد ہو گا۔
یہ 12 ماہ کے عرصے میں دونوں فریقوں کے درمیان پانچ میچوں کی تیسری سیریز ہوگی۔ گزشتہ سال پاکستان اور نیوزی لینڈ نے پاکستان میں سیریز دو دو سے برابر کر دی تھی جبکہ نیوزی لینڈ نے اس سے قبل ہوم سیریز چار ایك سے اپنے نام کی تھی۔
پاکستان کے وائٹ بال کے کپتان بابر اعظم نے بدھ کو ایک نیوز کانفرنس کے دوران کہا تھا كہ ‘یہ پانچ میچوں کی ٹی 20 سیریز ہمارے لیے بہت اہمیت رکھتی ہے کیونکہ ہم تمام ورلڈ كپ کی تیاری کے منتظر ہیں۔’
بابر نے مزید كہا كہ ’ہم نے کاکول میں ایک زبردست فٹنس کیمپ لگایا اور میگا ایونٹ میں خود كو ثابت کرنے کے منتظر ہیں۔‘
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
پاکستان نے 17 کھلاڑیوں پر مشتمل سکواڈ میں ابرار احمد، محمد عرفان خان اور عثمان خان کو شامل کیا ہے۔ پیسر محمد عامر اور آل راؤنڈر عماد وسیم جو گذشتہ ماہ ریٹائرمنٹ سے واپس آئے تھے قومی سکواڈ میں بھی واپس آگئے ہیں۔
اس سیریز میں فاسٹ باؤلر نسیم شاہ کی قومی سکواڈ میں واپسی ہو رہی ہے جنہوں نے آخری بار ایشیا کپ 2023 میں پاکستان کے لیے كھیلا تھا جس كے بعد وہ کندھے کی انجری کا شکار ہو گءے تھے۔ یہ انجری پاکستان کے لیے ایک دھچکا ثابت ہوئی جس سے نسیم شاہ کو آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ 2023 اور آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے دوروں سے باہر کر دیا۔
نیوزی لینڈ كے كپتان بریسویل نے کہا کہ وہ پاکستان کے دورے پر نیوزی لینڈ کی قیادت کرنے کے لیے پرجوش ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ان کی ٹیم میزبانوں کے خلاف اچھی کرکٹ کھیلنے کے لیے تیار ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنی سرزمین پر ایك مضبوط ٹیم ہے اور ہم ان کے گھر میں اس چیلنج کا سامنا کریں گے۔
پاکستان کا سكواڈ
بابر اعظم (کپتان)، ابرار احمد، اعظم خان، فخر زمان، افتخار احمد، عماد وسیم، محمد عباس آفریدی، محمد رضوان، محمد عامر، محمد عرفان خان، نسیم شاہ، صائم ایوب، شاداب خان، شاہین شاہ آفریدی، اسامہ میر، عثمان خان اور زمان خان
نیوزی لینڈ کا سکواڈ
مائیکل بریسویل (کپتان)، ٹام بلنڈل، مارک چیپ مین، جوش کلارکسن، جیکب ڈفی، ڈین فاکس کرافٹ، بین لِسٹر، کول میک کونچی، جمی نیشام، ول اوورکے، ٹم رابنسن، بین سیئرز، ٹم سیفرٹ، ایش سودھی اور زیک فولکس۔