صدر پاکستان آصف علی زرداری نئے پارلیمانی سال کے آغاز پر پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے آج خطاب کریں گے۔
ریڈیو پاکستان کے مطابق پارلیمان کا مشترکہ اجلاس کا اجلاس شام چار بجے طلب کیا گیا ہے۔
آئین کے آرٹیکل 56 (تین) کے تحت صدر مملکت عام انتخابات کے بعد پارلیمانی سال کے آغاز پر پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کریں گے۔
صدر آصف علی زرداری کا قومی اسمبلی اور سینیٹ کے مشترکہ اجلاس سے یہ ریکارڈ ساتواں خطاب ہو گا۔
سال 2008 سے 2013 تک ایوان صدر میں اپنے پانچ سالہ دور کے دوران وہ پہلے ہی چھ بار پارلیمنٹ سے خطاب کر چکے ہیں۔
مشترکہ اجلاس میں شرکت کے لیے چیف جسٹس آف پاکستان، چاروں صوبوں کے گورنر اور وزرائے اعلیٰ کو شرکت کے دعوت نامے جاری کیے گئے ہیں۔
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں شرکت کیلئے چیئرمین جوائنٹ چیف آف اسٹاف کمیٹی سمیت تینوں سروسز چیفس کو بھی خصوصی دعوت دی گئی ہے۔
وزیر اعظم آزاد کشمیر، گورنر اور وزیراعلیٰ گلگت بلتستان کو بھی پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں شرکت کے لیے مدعو کیا گیا ہے۔
آصف علی زرداری پاکستان کے 14ویں صدر منتخب
نو مارچ 2024 کو حکمران اتحاد کے آصف علی زرداری پارلیمنٹ سے 255 ووٹ لے کے دوسری بار صدر پاکستان منتخب ہوئے تھے جبکہ ان کے مخالف سنی اتحاد کونسل کے امیدوار محمود خان اچکزئی کو 119 ووٹ ملے تھے۔
زرداری کو ملنے والے الیکٹورل ووٹوں کی تعداد 411 رہی جبکہ اچکزئی کو 181 الیکٹورل ووٹ ملے۔
صدر آصف علی زرداری پہلی بار سال 2008 سے 2013 کے دوران بھی پاکستان کے صدر رہے تھے۔
اپنی پہلی مدت صدارت کے دوران آصف علی زرداری نے اٹھارویں ترمیم کے ذریعے کئی صدارتی اختیارات جن میں اٹھاون ٹو بی کے تحت قومی اسمبلی کو تحلیل کرنے کا اختیار بھی شامل تھا، پارلیمان کو واپس کر دیے تھے۔