گال ٹیسٹ کے پہلے دن سری لنکا نے پاکستان کے خلاف بہترین کم بیک کرتے ہوئے چھ وکٹوں کے نقصان پر 242 رنز بنا لیے۔
اتوار کو شروع ہونے والے پہلے ٹیسٹ میچ کے ابتدائی سیشن میں چار وکٹیں گرنے کے بعد دھننجیا ڈی سلوا کے ناقابل شکست 94 رنز نے میزبان ٹیم کی پوزیشن کو مستحکم کر دیا۔
سری لنکا نے پہلے سیشن میں چار وکٹوں کے نقصان پر 54 رنز بنائے تھے، اس موقعے پر پاکستان ایک اچھی پوزیشن پر کھڑا تھا لیکن ڈی سلوا اور 64 رنز بنانے والے اینجلو میتھیوز نے 131 رنز کی شراکت قائم کر کے ٹیم کو مشکل سے نکال لیا۔
ڈی سلوا آج کی آخری گیند تک کریز پر موجود رہے جب کہ ان کے ساتھی سدیرا سماراوکرما 57 گیندوں پر 36 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
وکٹ کیپر بلے باز سماراوکرما آغا سلمان کی گیند پر امام الحق کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔
پہلے دن بارش کے سبب کھیل دو بار روکنا پڑا اور 24.2 اوورز کم کیے گئے۔
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
ڈی سلوا نے اپنی اننگز میں 10 چوکے اور تین چھکے لگائے۔
اپنا 105 واں ٹیسٹ کھیل رہے میتھیوز نے پانچ روزہ فارمیٹ میں 39 ویں نصف سینچری بنائی۔
یہ جوڑی پرسکون انداز میں اپنا کھیل جاری رکھے ہوئے تھی کہ سابق کپتان میتھیوز لیگ سپینر ابرار احمد کی گیند پر وکٹ کیپر سرفراز احمد کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔
26 واں ٹیسٹ کھیلنے والے تیز گیند باز شاہین شاہ آفریدی نے اپنے دوسرے اوور میں نشان مدوشکا کو چار کے انفرادی رنز پر آؤٹ کرکے ٹیسٹ کرکٹ میں اپنی وکٹوں کی سینچری مکمل کی۔
23 سالہ پاکستانی سٹار بولر کو ایک سال قبل اسی میدان میں گھٹنے میں چوٹ لگی تھی۔
کھیل کے پہلے دن آفریدی نے تین جبکہ نسیم شاہ، ابرار احمد اور آغا سلمان نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔