گال ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگز میں سری لنکن ٹیم 312 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی، شاہین آفریدی، نسیم شاہ اور ابرار احمد نے تین تین وکٹیں اپنے نام کیں۔
گال میں کھیلے جانے والے پہلے ٹیسٹ میچ میں میزبان سری لنکا کی ٹیم دھننجایا ڈی سلوا کی شاندار سنچری کے بدولت 312 رنز کا مجموعہ حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئی، مڈل آرڈ بیٹر نے 122 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جن کی باری کا خاتمہ نسیم شاہ نے کیا۔
سری لنکا کی جانب سے اینجلو میتھیوز 64 رنز بنا کر نمایا رہے، پاکستان کی طرف سے شاہین شاہ آفریدی نے 86، نسیم شاہ نے 90 اور ابرار احمد نے 68 رنز دے کر 3،3 بیٹرز کو پویلین چلتا کیا۔
آغا سلمان بھی 18 رنز کے عوض ایک وکٹ لینے میں کامیاب رہے، واضح رہے کہ اننگز کی شروعات میں پاکستانی پیسرز کی شاندار باؤلنگ کی بدولت ایک مرحلے پر 54 کے اسکور پر میزبانی ٹیم کی 4 وکٹیں گر چکی تھیں۔
ایسا لگ رہا تھا کہ سری لنکن ٹیم اسکور بورڈ پر زیادہ بڑا اسکور نہیں سجا پائے گی تاہم دھننجایا ڈی سلوا نے بہترین انداز میں پاکستانی بولرز کا مقابلہ کرتے ہوئے سنچری اسکور کی اور ٹیم کے مجموعے کو 312 تک پہنچا دیا۔