امریکی وزیر خارجہ اینٹنی بلنکن نے کہا ہے کہ پاکستان کی معاشی کامیابی امریکہ کی اولین ترجیح ہے۔
امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان میتھو ملر کے جاری کردہ بیان کے مطابق پاکستان کے وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری کے ساتھ ٹیلیفونک گفتگو میں امریکی وزیر خارجہ اینٹنی بلنکن کا کہنا تھا کہ ’امریکہ پاکستان کے ساتھ تکنیکی اور ترقیاتی تعاون اور مضبوط تجارتی و سرمایہ کاری تعلقات کے ذریعے رابطے جاری رکھے گا۔‘
امریکی وزیر خارجہ نے دونوں ممالک کے درمیان نتیجہ خیز شراکت داری کا بھی اعادہ کیا۔
اینٹنی بلنکن نے بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کی جانب سے پاکستان کے لیے قرض کے معاہدے کی منظوری کا خیر مقدم کیا اور معاشی بحالی اور خوشحالی کو فروغ دینے کے لیے مسلسل اصلاحات کی حوصلہ افزائی کی۔
The United States supports a productive, democratic, and prosperous partnership with Pakistan. Had a good call with @BBhuttoZardari to discuss our support for Pakistan’s economic recovery and our shared regional concerns, including Afghanistan.
— Secretary Antony Blinken (@SecBlinken) July 24, 2023
آئی ایم ایف کے ایگزیکٹیو بورڈ نے رواں ماہ پاکستان کے لیے تین ارب ڈالر کی منظوری دی تھی۔ ایگزیکٹیوبورڈ کے مطابق ’سٹینڈ بائی ارینجمنٹ‘ (ایس بی اے) کا مقصد معیشت کو مستحکم کرنے کی فوری اقدامات میں تعاون کرنا ہے۔
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
امریکہ کے وزیرخارجہ نے بلاول بھٹو زرداری سے گفتگو میں اس بات پر زور دیا کہ ’جمہوری اصول اور قانون کی حکمرانی کا احترام امریکہ اور پاکستان کے تعلقات میں مرکزی حیثیت رکھتے ہیں اور یہ اقدار اس شراکت داری کو آگے لے جانے میں رہنمائی کرتی رہیں گی۔‘
وزیر خارجہ نے کہا کہ ’پاکستانی عوام دہشت گرد حملوں سے بہت زیادہ متاثر ہوئے ہیں اور انہوں نے انسداد دہشت گردی کے سلسلے میں پاکستان کے ساتھ شراکت داری جاری رکھنے کے امریکہ کے عزم کا اعادہ کیا۔‘
دونوں وزرائے خارجہ نے پرامن اور مستحکم افغانستان میں امریکہ اور پاکستان کے مشترکہ مفادات پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
گذشتہ روز امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹ کام) کے سربراہ جنرل مائیکل ایرک کوریلا نے چیف آف آرمی سٹاف جنرل عاصم منیر سے ملاقات کی تھی۔
انہوں نے خطے میں امن و استحکام کے لیے پاکستان کی ’مسلسل کوششوں‘ کو تسلیم کیا۔