مظفر گڑھ میں 3 بہنوں کی لاشیں ملنے کے واقعے میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، پولیس نے قتل کے الزام میں مقتولین کے 3 سگے بھائیوں کو حراست میں لے لیا۔
تفصیلات کے مطابق مظفر گڑھ میں 3 معصوم بچیوں کے اندوہناک قتل کی تحقیقات میں اہم پیشرفت ہوئی ہے۔ پولیس نے ابتدائی تحقیقات کے بعد مقتولین کے تین سگے بھائیوں کو حراست میں لے لیا۔
پولیس کے مطابق مظفرگڑھ میں قتل ہونے والی تینوں کم سن بچیوں کا پوسٹ مارٹم ڈی ایچ کیو اسپتال میں جاری ہے، ایس پی انویسٹی گیشن نے بتایا ہے کہ مقتول بچیوں کے تین بھائیوں کو پولیس نے حراست میں لے لیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ واقعے کا مقدمہ پولیس کی مدعیت میں تھانہ سٹی میں مقدمہ درج کیا گیا ہے، پولیس مختلف زاویوں سے واقعے کی انویسٹی گیشن کررہی ہے، بہت جلد ملزمان کو منظر عام پر لے آئیں گے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز تھرمل کالونی سے لاپتہ ہونے والی تین بچیوں کی لاشیں ایک خالی گھر سے برآمد ہوئی تھیں، تینوں بہنیں گزشتہ روز کھیلنے کے لیے گھر سے گئیں اور واپس نہیں آئیں۔