fbpx
خبریں

شمالی وزیرستان: محسن داوڑ پر فائرنگ، زخمی حالت میں ہسپتال منتقل

پولیس کے مطابق شمالی وزیرستان کے حلقے این اے 40 سے نیشنل ڈیموکریٹک موومنٹ (این ڈی ایم) کے انتخابی امیدوار اور سابق رکن قومی اسمبلی محسن داوڑ ہفتے کو فائرنگ کے نتیجے میں زخمی ہوگئے، جنہیں ہسپتال منتقل کردیا گیا۔

یہ واقعہ میران شاہ پولیس سٹیشن کی حدود میں پیش آیا، جہاں کے ایک اہلکار نے انڈپینڈنٹ اردو کو بتایا کہ محسن داوڑ اپنے پارٹی کارکنوں کے ساتھ موجود تھے، جب ان پر فائرنگ کی گئی۔ 

انہوں نے مزید بتایا کہ ’ہماری ٹیم جائے وقوعہ پر موجود ہے اور مزید تفتیش جاری ہے کہ کس نے فائرنگ کی ہے۔‘

محسن داوڑ نیشنل ڈیموکریٹک موومنٹ کے سربراہ ہیں۔ پارٹی کے رہنما خوشحال خان نے میڈیا کو جاری بیان میں بتایا کہ محسن داوڑ اور ان کے ساتھی انتخابی نتیجے کے سلسلے میں گذشتہ دو دن سے ریٹرننگ افسر کے دفتر جانے کی کوشش میں تھے، لیکن انہیں ریٹرننگ افسر کے دفتر جانے نہیں دیا جا رہا تھا اور آج ان پر فائرنگ کی گئی۔ 

خوشحال نے بتایا: ’فائرنگ کے نتیجے میں محسن داوڑ سمیت ہمارے چھ کارکن زخمی ہیں۔‘

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

شمالی وزیرستان سے تعلق رکھنے والے صحافی رسول داوڑ نے انڈپینڈنٹ اردو کو بتایا کہ محسن داوڑ ساتھیوں سمیت ریٹرننگ افسر کے باہر دھرنا دیے بیٹھے تھے۔ 

رسول داوڑ نے بتایا کہ ’محسن داوڑ انتخابی نتائج میں تبدیلی کا الزام لگا رہے تھے۔‘

یاد رہے کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے محسن داوڑ کے حلقے کے غیر حتمی، سرکاری نتائج کا اعلان کردیا ہے، تاہم محسن داوڑ نے ایکس پر اپنی پوسٹ میں اسے ’دھاندلی‘ قرار دیا تھا۔

اس سے قبل محسن داوڑ پر تین جنوری کو بھی اس وقت فائرنگ کی گئی تھی جب وہ اپنی انتخابی مہم کے قافلے میں شریک تھے، تاہم حملے میں وہ محفوظ رہے تھے۔

محسن داوڑ پشتون تحفظ موومنٹ (پی ٹی ایم) کے بانی اراکین میں شامل تھے اور تنظیم کےسربراہ منظور پشتین کے شانہ بشانہ کھڑے ہوتے تھے۔

تاہم بعد میں محسن داوڑ نے پی ٹی ایم سے علیحدگی اختیار کرکے نیشنل ڈیموکریٹک موومنٹ کے نام سے سیاسی جماعت کی بنیاد رکھی اور اب انہوں نے آٹھ فروری کے عام انتخابات میں حصہ لیا ہے۔

مستند خبروں اور حالات حاضرہ کے تجزیوں کے لیے انڈپینڈنٹ اردو کے وٹس ایپ چینل میں شامل ہونے کے لیے یہاں کلک کریں۔




Source link

رائے دیں

Back to top button
Close

Adblock Detected

برائے مہربانی ایڈ بلاکر ختم کیجئے