شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ اور تماشہ سیزن ٹو کی فاتح عروبہ مرزا نے بچپن نے اپنے گم ہونے کی کہانی بیان کردی۔
اے آر وائی ڈیجیٹل کے پروگرام ’دی ناک ناک شو‘ میں گفتگو کرتے ہوئے اداکارہ عروبہ مرزا نے بچپن میں اپنے گم ہو جانے کی کہانی سناتے ہوئے کہا کہ ہم اسلام آباد میں رہتے تھے ہمارے گھر کے بالکل سامنے ایک چھوٹا سا پارک تھا جہاں زیادہ تر سناٹا ہی رہتا تھا، ایک دن دوپہر کے وقت میں پارک میں کھیلنے گئی جہاں میری ملاقات ایک بچی سے ہوئی۔
اداکارہ نے بتایا کہ میں اس کے ساتھ گھل مل گئی اور وہ مجھے اپنے گھر لے کر چلی گئی جو پارک کے قریب ہی تھا، میں گھر پر اس کے ساتھ کھیل میں مگن ہوگئی۔
عروبہ مرزا نے بتایا کہ میری والدہ بہت حساس ہیں، انہوں نے دیکھا کہ میں پارک میں موجود نہیں ہوں اور وہاں بالکل سناٹا ہے، والدہ نے مجھے ادھر اُدھر ڈھونڈا اور بالآخر مسجد میں اعلان کروایا کہ گلابی رنگ کے لباس میں ایک موٹی سی بچی لاپتا ہے جس کے ایک گال پر تل ہے، جسے بھی ملے وہ اس کے والدین تک پہنچا دیں۔
’انہوں نے کہا کہ والد بھی آفس چھوڑ کر آگئے اور ہمارا پورا خاندان گھر پر جمع ہوگیا تھا۔ میں جس بچی کے گھر میں کھیل رہتی تھی اُس کی والدہ نے اعلان سننے کے بعد کہا کہ پتا نہیں کس کی بچی گم ہوگئی ہے، کوئی اُٹھا کر لے گیا ہوگا۔
‘عروبہ مرزا نے بتایا کہ اُس بچی کی والدہ نے جب غور سے دیکھا کہ میں موٹی ہوں اور گلابی رنگ کا لباس بھی پہن رکھا ہے تو وہ سیدھا مجھے میری والدہ کے پاس لے گئیں جن کا رو رو کر بُرا حال ہو چکا تھا، اُس دن والدہ سے تھپڑ بھی پڑ گیا تھا۔