ایسٹ لندن: پاکستان انڈر19 کرکٹ ٹیم نے ورلڈکپ کا فاتحانہ آغاز کرتے ہوئے افغانستان کو پہلے میچ میں آؤٹ کلاس کردیا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ ٹیم نے آئی سی سی انڈر19 ورلڈکپ اپنے افتتاحی میچ میں افغانستان کو 181 رنز سے عبرتناک شکست دیدی۔ افغان کرکٹ ٹیم 285 رنز کے تعاقب میں محض 103 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔
افغانستان کی جانب سے نعمان شاہ 26 رنز بنا کر ٹاپ اسکورر رہے۔ پاکستان کے عبید شاہ نے 4 جبکہ محمد ذیشان نے 3 کھلاڑیوں کو پویلین چلتا کیا۔
اس سے قبل پاکستان انڈر19 نے پہلے کھیلتے ہوئے 9 وکٹوں کے نقصان پر284 رنز بنائے۔ شاہ زیب خان نے شاندارسنچری اسکور کرتے ہوئے 106 رنز کی اننگز کھیلی۔
اس کے علاوہ کپتان سعد بیگ 55 اور ریاض اللہ 46 رنز بناکر نمایاں رہے۔ عبیدشاہ نے 12 گیندوں پر 22 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی۔
افغانستان انڈر19 کی جانب سے خلیل احمد نے 4 وکٹیں اپنے نام کیں جبکہ بشیر احمد 2 وکٹیں حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔