کراچی کے علاقے احسن آباد کے قریب منگل کی رات مبینہ طور پر ایک خاتون کو گولی مار کر قتل کر دیا گیا جس کی شناخت کرلی گئی ہے۔
اس حوالے سے پولیس حکام نے بتایا کہ لیاری کی رہائشی رمشا نامی خاتون کو احسن آباد کے علاقے میں دو مشتبہ افراد نے فائرنگ کرکے قتل کر دیا۔
واقعے کے عینی شاہد نے بتایا کہ موٹر سائیکل پر سوار دو مرد ملزمان نے مقتولہ کے سر پر تین گولیاں ماریں۔
پولیس کا مزید کہنا تھا کہ مقتولہ کا موبائل فون سمیت دیگر سامان بھی برآمد کر لیا گیا ہے، واقعے کے بعد مقتولہ کے شوہر عرفان سے رابطہ کیا گیا ہے۔
پولیس نے ایک بیان میں کہا کہ خاتون موٹر سائیکل پر ایک مرد کے ساتھ احسن آباد کے علاقے میں پہنچی جسے بعد ازاں سائٹ سپر ہائی وے پولیس اسٹیشن کے قریب گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا۔
پولیس نے مقدمہ کے اندراج کے بعد مزید تحقیقات کے لیے مقتولہ کا موبائل فون اپنی تحویل میں لے لیا ہے۔