fbpx
ادبی کالمبچوں کا ادب
Trending

کیا احمد فراز اور پروین شاکر نے بچوں کے لیے لکھا؟

ماہ نامہ روشنی، لاہور نے جنوری 2023ء کے شمارے میں ایک کہانی سنہرا پھول شائع کی ہے، جو مشہور شاعر احمد فراز نے بچوں کے رسالے ماہ نامہ پھلواری، جو شیخ غلام علی اینڈ سنز کے تحت شائع ہوتا تھا، اس کے شمارہ نومبر 1961ء میں شائع ہوئی تھی۔ اور اب نذیر انبالوی کی مرتب کردہ بہار پری (بچوں کے ادب کی الف لیلہ، کی جلد اول دسمبر 2022ء) میں بھی شامل کی گئی ہے۔ جب کہ شیما مجید نے بھی اس کو اپنے انتخاب میں شامل کیا تھا۔

یہ مشہور شاعر احمد فراز ہی ہیں، جنھوں نے بچوں کے لیے بھی لکھا تھا۔ اس کے جو مجھے حوالے ملے ان میں سے ایک حوالہ مجموعۂ مقالات، پاکستان میں اردو مرتبہ طاہر فاروقی کے باب علاقہ سرحد میں اردو از پروفیسر شرر نعمانی نے لکھا ہے "۔ ۔ ۔ ۔ احمد فراز، افضل حسین اظہر اور راقم الحروف (شرر نعمانی) نے بچوں کے لیے کئی مضامین نظم و نثر تحریر کیے ہیں۔ جن میں سے بیشتر مڈل و پرائمری کی جماعتوں کی نصابی کتب میں شامل ہیں۔”

پاکستان میں اردو (1948ء تا 1964ء)، طاہر فاروقی، صفحہ 124، یونیورسٹی بک ایجنسی خیبر بازار، پشاور

اس حوالے کے مطابق انھوں نے نظم و نثر دونوں میں لکھا، اب یہ اس دور کی نصابی کتابوں اور بچوں کے دیگر اردو رسائل ہی سے علم ہو سکتا ہے کہ احمد فراز نے اور کیا کیا لکھا تھا۔

دوسری کہانی پروین شاکر کے نام سے خزانہ 83ء میں شائع تھی، یہ 1983-84ء میں پہلی بار شائع ہوئی تھی، جو کتاب کے اداریے کے مطابق، مصنفین سے رابطہ کرکے، لکھوائی گئی کہانیوں سے مرتب کی گئی اور ہر سال ایسا انتخاب شائع کرنے کی خبر بھی دی گئی، نہیں معلوم کہ پھر کبھی ایسا کچھ شائع ہوا۔ اس میں پروین شاکر، غالب گمان ہے کہ شاعرہ پروین شاکر ہی ہیں۔ اس کی میرے پاس دو وجہیں ہیں۔ وہ انگریزی ادبیات اور لسانیات میں ایم اے (ڈبل ایم اے) تھیں۔ یہ کسی جاپانی کہانی سے ماخوذ ہے، جو ممکنہ طور پر انگریزی ترجمے سے لی گئی ہو گی۔

اداریے میں لکھا گیا ہے کہ لوگوں سے رابطہ کرکے لکھوایا گیا ہے۔ انہی لوگوں سے رابطہ کرکے لکھوایا جاتا ہے جو مشہور ہوں۔ اس دور (1983-1984) میں پروین شاکر کراچی میں تھیں، اس سے قبل (1982-1983) میں لاہور تھیں۔ اور کتاب بھی اسی دور کی ہے۔ اس انتخاب میں دیگر جن شخصیات کی تحریریں ہیں ان میں باقی نام بھی اکثر ایسے ہیں، جو بچوں کے ادب کے حوالے سے نہیں لیے جاتے، اسد محمد خان، احفاظ الرحمٰن، رضیہ فصیح احمد، نصر اللہ خان و دیگر نام سب ہی عمومی طور پر بڑوں کے ادب، صحافت اور کالم نگاری سے جانے جاتے ہیں۔

مگر ظاہر ہے یہ سب کسی حد تک تسلی دیتا ہے، اب تک کی میسر معلومات کے مطابق سو فیصد یقین سے نہیں کہا جا سکتا، کہ پروین شاکر نے کبھی بچوں کے لیے نظم یا کہانی لکھی تھی۔ البتہ احمد فراز نے لکھا ہے۔

رائے دیں

Back to top button
Close

Adblock Detected

برائے مہربانی ایڈ بلاکر ختم کیجئے