fbpx
نظم

پتلیوں کے لیے / مقصود وفا

پتلیوں کے لیے

مقصود وفا

ہڈیاں چوستے تجزیہ کاروں میں
کوئی ایک ہے؟؟
کوئی ایک…
جو اپنی دم ہلائے بغیر
یہ تجزیہ کر سکے
کہ ماں کی کوکھ میں یتیم ہونے والا بچہ زیادہ بدقسمت ہے
یا پھٹی ہوئی آنکھوں سے
سڑکوں پر بہتا ہوا خون دیکھنے والی خلقت

آخر ۔۔۔
بیس ہزار روپے ماہوار پر
کیمروں کے سامنے چیختا ہوا رپورٹر
کتنا سچ بول سکتا ہے
بید کی چھڑی کے سِروں پر چڑھا ہوا پیتل
کھال اُدھیڑ کر رکھ دیتا ہے
بے اختیاروں کی پیٹھ پر
سواری کرتی ہوئی حکومتیں
ضرورت پڑنے پر
دانشوروں کو اصطبل میں باندھ دیتی ہیں
عقل گھاس چرتی ہے
اور ہمارا بادشاہ
شام کا وقت اپنے کتوں کے ساتھ گزارتا ہے

رائے دیں

Back to top button
Close

Adblock Detected

برائے مہربانی ایڈ بلاکر ختم کیجئے