پاکستانی فلمی صنعت کے لیے ہدایت کار شریف نیّر نے بے مثال کام کیا اور شائقین کو یادگار فلمیں دیں۔ ان کا فلمی کیریئر بہت کام یاب رہا۔ آج ہدایت کار شریف نیّر کی برسی ہے۔
شریف نیّر نے ہدایت کار نذیر کے معاون کی حیثیت سے فلم لیلیٰ مجنوں سے اپنے کیریئر کا آغاز کیا تھا۔ اس فلم میں لیلیٰ کا کردار سورن لتا نے اور مجنوں کا کردار نذیر نے نبھایا تھا۔ بحیثیت ہدایت کار شریف نیرّ نے پہلی فلم یادگار بنائی۔ اس کے ہیرو بھی اداکار نذیر تھے۔ 1952ء میں ان کی فلم بھیگی پلکیں سے پاکستان میں شریف نیّر نے اپنا کیریئر کا آغاز کیا تھا۔ بعد میں انھوں نے کئی فلموں کے لیے ہدایت کاری کی جن میں محفل، معصوم، عشق پر زور نہیں، نائلہ، لاڈو، ناز، دوستی، ایک تھی لڑکی شامل ہیں۔
شریف نیّر نے 1965ء میں ریلیز ہونے والی فلم نائلہ کے لیے بہترین اردو فلم اور بہترین ہدایت کار سمیت 8 نگار ایوارڈز حاصل کیے تھے۔ اس کے علاوہ 1971ء میں ریلیز ہونے والی فلم دوستی نے بھی بہترین اردو فلم اور بہترین ہدایت کار کے لیے آٹھ نگار ایوارڈ اپنے نام کیے۔
شریف نیّر 19 اگست 1922ء کو لاہور میں پیدا ہوئے تھے اور 24 اپریل 2007ء کو اسی شہر میں وفات پائی۔ ہدایت کار نے بھارتی فلموں کی معروف رقاصہ ککو کی بہن سے شادی کی تھی۔ ہدایت کار شریف نیّر لاہور کے گارڈن ٹاؤن کے قبرستان میں آسودۂ خاک ہیں۔