معروف بھارتی اداکار ویوین ڈیسینا نے کہا ہے کہ میں رمضان المبارک میں مسلمان ہوا، یہ مہنیہ میرے دل کے بہت قریب ہے۔
بھارتی ٹیلی ویژن کے خوبرو اور ہردلعزیز اداکار ویوین ڈیسینا نے کچھ سالوں قبل اسلام قبول کرنے کا انکشاف کیا تھا۔ انھوں نے رمضان کے مقدس ایّام میں روزے رکھنے کے حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کیا ہے۔
انھوں نے کہا کہ اس حقیقت کی وجہ سے کہ میں نے رمضان میں اسلام قبول کیا یہ مہینہ میرے دل سے کافی قریب ہے۔ اس سال میرا چھٹا رمضان ہے اور اللہ کے فضل سے میں ہر سال روزے رکھتا ہوں۔
ویوین ڈیسینا نے کہا کہ رمضان کے پورے مہینے کے روزے ہمارے اوپر فرض ہیں کیونکہ یہ اسلام کے بنیادی پانچ ارکان میں سے ایک ہے، اس لیے میں 30 روزے پورے رکھتا ہوں جب تک کہ کوئی ایسا عذر یا بیماری نہ ہو جو مجھے روزہ رکھنے سے روک دے۔
35 سالہ اداکار نے نوران علی نامی خاتون سے شادی کی ہے وہ کہتے ہیں کہ کوشش ہوتی ہے کہ رمضان اپنے خاندان کے ساتھ بحرین میں گزاریں۔
انھوں نے کہا کہ میں اس بات سے انکار نہیں کرتا کہ میں شروع میں روزہ رکھنے پر بہت پریشان تھا، خاص طور پر اس لیے کہ پانی اور کافی میرے لیے ضروری ہیں۔ یہاں تک کہ میرے اہل خانہ اور دوست بھی سوچتے رہے کہ میں 13 یا 14 گھنٹے تک پانی یا کیفین کے بغیر کیسے رہوں گا۔
اپنے پسندیدہ پکوان کے بارے میں بتاتے ہوئے اداکار نے کہا کہ مجھے ہر قسم کے کھانے پسند ہیں، خاص طور پر گھر میں پکا ہوا کھانا اور مٹھائیاں مجھے پسند ہیں۔
ویوین ڈیسینا نے کہا کہ اللہ کا شکر ہے کہ مجھے ایک خاندان اور بیوی نصیب ہوئی ہے جو رمضان کے ہر دن کو فوڈ فیسٹیول بناتی ہے، اگر کھانوں میں مجھے کسی ایک کا انتخاب کرنا ہے تو وہ باسبوسہ اور کنافہ ہوں گے۔