fbpx
خبریں

’ڈرا کر نہیں، ہرا کر جیتو‘: شوبز ستاروں کا انتخابی نتائج پر ردعمل

پاکستان میں آٹھ فروری 2024 کو ہونے والے عام انتخابات کے نتائج پر پاکستانی شوبز انڈسٹری سے تعلق رکھنے والے کئی ستارے خوش نظر نہیں آتے۔

انتخابات سے قبل یہی ستارے سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر ملک کے بہتر مستقبل کے لیے عوام سے حق رائے دہی کے استعمال کی اپیل کرتے دکھائی دیے تھے۔

گلوکار عاصم اظہر ہمیشہ سے مختلف مسائل پر اپنی آواز اٹھاتے رہے ہیں، انہوں نے ایکس پر انتخابات سے متعلق پوسٹ کرتے ہوئے لکھا کہ ’کسی نے صحیح کہا تھا، کہ نقل کے لیے عقل چاہیے۔‘

سینیئر اداکار عدنان صدیقی نے اپنی انسٹاگرام سٹوری کے ذریعے اپنی مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے ’شہری حقوق اور اخلاقیات کے خاتمے‘ کا اعلان کیا۔

ان کی جانب سے شیئر کی گئی پوسٹ ایک تعزیتی پیغام تھا، جس میں درج تھا کہ ’پاکستان کے عوام بڑے دل کے ساتھ انصاف، شہری حقوق اور اخلاقیات کی افسوس ناک موت کا اعلان کرتے ہیں۔‘

آخر میں درج تھا کہ ’ہم کبھی نہیں بھولیں گے‘

گلوکار و اداکار فرحان سید نے آٹھ فروری2024 کو انتخابات میں ووٹ ڈالنے کی تصویر پوسٹ کرتے ہوئے لکھا تھا کہ ’پہلے فرض تھا اس بار قرض تھا۔‘

تاہم نتائج میں تاخیر اور ٹی وی پروگرامز میں الیکشنز میں مبینہ دھاندلی زیر بحث آنے پر انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے پوسٹ کی کہ ’دھاندلی ہو رہی ہے اور کھلے عام ٹی وی چینلز پر یہ بات ہورہی ہے جس سے محسوس ہوتا ہے، یہ سب نارمل ہے۔‘

پاکستانی اداکارہ مریم نفیس نے ایک تصویر پوسٹ کی جس میں مبینہ طور پر کئی ووٹوں کو آگ لگائی گئی ہے، جس پر انہوں نے سخت ناراضگی کا اظہار کیا کہ ’یہ تصویر سراسر دہشت گردی، فسطائیت، ناانصافی اور ہمارے ووٹوں، آوازوں اور انتخاب کی بے عزتی ہے۔‘

اداکارہ مایا علی نے انتخابات کے نتائج میں تاخیر پر پوسٹ کیا کہ ’ دھوکہ دہی اتنی اونچی سطح پر ہے کہ وہ خود کنفوژ ہیں کہ نتائج کو تبدیل کیسے کریں۔‘

اداکارہ سجلی علی نے انسٹاگرام پر کئی پوسٹس کی جن میں وہ زیادہ خوش دکھائی نہیں دیں، اپنی ایک انسٹا سٹوری میں انہوں نے لکھا کہ ’چند لوگوں نے قوم کی قسمت اپنے ہاتھ میں لے لی ہے۔‘

جبکہ انہوں نے گلوکار شہزاد رائے کا وہ مشہور گانا بھی شیئر کیا جس کے بول تھے کہ ’یہ ملک کیسے چلے گا؟‘

گانا شیئر کرتے ہوئے سجل نے لکھا کہ بدقسمتی سے، یہ گانا اب بھی مطابقت رکھتا ہے۔

جبکہ گلوکار شہزاد رائے نے ووٹ کاسٹ کرنے کے بعد اپنی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا تھا کہ ’ڈرا کر نہیں، ہرا کر جیتو۔‘

ماڈل عفت عمر ہمیشہ سے تنقید برداشت کرنے کے بعد بھی پاکستان مسلم لیگ سے اپنی وابستگی کا اظہار کرتی رہی ہیں، تاہم اس بار انہوں نے پوسٹ کی کہ ’پی ایم ایل این کو میرا آخری اور واحد مشورہ یہی ہے کہ عوامی مینڈیٹ کو خوش اسلوبی سے قبول کریں اور اپوزیشن میں بیٹھیں ورنہ آپ اپنی صداقت مزید کھو دیں گے۔‘

انہوں نے لکھا کہ ’آپ کے حامی اب بھی آپ کا ساتھ دیں گے اور آپ کی زیادہ عزت کریں گے۔ ایک حقیقی سیاست دان کی طرح کام کریں۔‘

مستند خبروں اور حالات حاضرہ کے تجزیوں کے لیے انڈپینڈنٹ اردو کے وٹس ایپ چینل میں شامل ہونے کے لیے یہاں کلک کریں۔




Source link

رائے دیں

Back to top button
Close

Adblock Detected

برائے مہربانی ایڈ بلاکر ختم کیجئے