راولپنڈی کی انسداد دہشت گردی عدالت نے نو مئی 2023 کے تناظر میں درج کیے جانے والے 12 مقدمات میں ہفتے کو پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین و سابق وزیراعظم عمران خان اور سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی ضمانت منظور کر لی ہے۔
انسداد دہشت گردی عدالت میں سماعت کی کوریج کرنے والے صحافی رضوان قاضی نے انڈپینڈنٹ اردو کو بتایا کہ جج ملک اعجاز آصف نے ضمانت کی درخواستوں پر سماعت کی، جہاں پاکستان تحریک انصاف کے وکیل شیراز احمد رانجھا پیش ہوئے۔
عدالت نے پراسیکیوشن کی جانب سے مہلت کی استدعا مسترد کرتے ہوئے تمام 12 مقدمات میں بانی پی ٹی آئی عمران خان اور سینیئر رہنما شاہ محمود قریشی کی ضمانت منظور کرنے کا حکم سنایا۔
عمران خان اور شاہ محمود قریشی کے خلاف راولپنڈی کے مختلف تھانوں میں مقدمات درج ہیں۔
بانی پی ٹی آئی عمران خان کے وکلا نے اڈیالہ جیل میں ان سے ملاقات کے لیے درخواست بھی جمع کروائی جسے عدالت نے منظور کرتے ہوئے سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو عمران خان سے وکلا کی ملاقات کروانے کی ہدایت کی ہے۔
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
دوسری جانب نو مئی کے درج مقدمے میں انسداد دہشت گردی عدالت نے عوامی مسلم لیگ کے رہنما شیخ رشید کی ضمانت بعد از گرفتاری کی درخواست بھی منظور کرلی۔
جج ملک اعجاز آصف کی جانب سے سنی جانے والی سماعت میں شیخ رشید کی جانب سے وکیل سردار عبدالرزاق عدالت پیش ہوئے، جہاں سماعت کے بعد عدالت نے رہائی کی روبکار جاری کرتے ہوئے شیخ رشید کا رہا کرنے کا حکم دے دیا۔
شیخ رشید احمد کو تھانہ نیو ٹاؤن میں درج مقدمے میں 16 جنوری کو گرفتار کیا گیا تھا۔
نو مئی 2023 کو پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی چیئرمین عمران خان کی گرفتاری کے خلاف ملک بھر میں پرتشدد مظاہرے ہوئے تھے، جن کے دوران نجی و قومی املاک سمیت فوجی تنصیبات کو بھی نشانہ بنایا گیا تھا۔ ان واقعات میں ملوث افراد کو گرفتار کرکے ان کے خلاف مقدمات فوجی عدالتوں میں چلانے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔
مستند خبروں اور حالات حاضرہ کے تجزیوں کے لیے انڈپینڈنٹ اردو کے وٹس ایپ چینل میں شامل ہونے کے لیے یہاں کلک کریں۔