دنیا بھر میں ہنرمند لوگوں کی طرح پاکستانیوں میں بھی ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں ہے جو اپنی نت نئی تخلیقات سے لوگوں کو حیرت میں مبتلا کردیتے ہیں۔
ایسی ہی ایک خاتون ثناء فہد بھی ہیں جنہوں نے آرٹ کی دنیا میں نئی جہت متعارف کرائی ہے وہ نقطوں کی مدد سے خوبصورت فن پارے تخلیق کرتی ہیں جسے بہت پذیرائی بھی مل رہی ہے۔
انہوں نے نقطوں کے ذریعے تجریدی آرٹ کا نیا نمونہ پیش کرکے آرٹ کے حلقوں کو حیران کردیا ہے۔ اے آر وائی نیوز کے پروگرام باخبر سویرا میں ثناء فہد نے اپنی اس بہترین کاوش کے بارے میں ناظرین کو آگاہ کیا۔
انہوں نے بتایا کہ اس فن کو ڈوٹ آرٹ کہا جاتا ہے، اس میں ایکریلک پینٹ استعمال کیا جاتا ہے۔ میں نے اس کام کا آغاز محض مشغلے کے طور پر کیا تھا اب اس کام کو باقاعدہ طور پر کررہی ہوں۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ آرٹ لکڑی گتے شیشے یا پلاسٹک کے برتنوں پر کیا جاتا ہے تاہم شیشے پر یہ کام بہت مشکل ہے اس میں کافی وقت درکار ہوتا ہے۔