fbpx
خبریں

مریم نواز نے بلاول بھٹو کی تنقید کا جواب دے دیا

لاہور: مسلم لیگ (ن) کی چیف آرگنائزر مریم نواز نے بلاول بھٹو زرداری کی تنقید کا جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایک شخص پنجاب آکر کہتا ہے نواز شریف نے ابھی تک منشور نہیں دیا۔

این اے 119 میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ 2018 میں اس حلقے سے الیکشن لڑنے کا اعلان کیا تھا لیکن انہوں نے مجھے نااہل کر دیا تھا، مجھ پر الزام تھا کہ والد کے ساتھ کیوں کھڑی ہوں، میرے پاس تو کوئی سرکاری عہدہ بھی نہیں تھا، چاہے جان چلی جاتی مگر اپنے والد کے قدم سے قدم ملا کر چلی۔

مریم نواز نے کہا کہ ووٹ کی پرچی صرف پرچی نہیں بلکہ ملک اور بچوں کے مستقبل کا فیصلہ ہوتا ہے، آپ سے دو طرح کی جماعتیں ووٹ مانگ رہی ہیں، (ن) لیگ کے سوا ساری جماعتیں ایسی ہیں جنہوں نے کیا کچھ نہیں، ان کا دن رات کام ہے تنقید کرو اور الزامات لگاؤ۔

انہوں نے کہا کہ (ن) لیگ تنقید کرتی ہے اور نہ الزام لگاتی ہے صرف کام کرتی ہے، پنجاب میں ایسی جماعتیں بھی آئی ہیں جنہوں نے ایک صوبے پر 15، 15 سال حکومت کی لیکن اس کے پاس بتانے کیلیے 15 منصوبے بھی نہیں ہیں، نواز شریف پر تنقید کرتے ہیں انہیں بتا دو پنجاب نواز شریف پر تنقید نہیں سنتا، نواز شریف کو کبھی دو سال تو کبھی تین سال کی حکومت ملی۔

ان کا کہنا تھا کہ لوگ جانتے ہیں نواز شریف اگلے چند دنوں میں اپنا منشور دے گا، نواز شریف کا منشور دیکھنا ہے تو وہ دیکھیں اورنج لائن گزر رہی ہے، نواز شریف نے منشور دیا تو اس پر عمل بھی کیا، نواز شریف نے صرف کاغذ پر لکھ کر منشور نہیں دیا، جس صوبے نے نواز شریف کو ووٹ نہیں دیا اس کے چپے چپے پر بھی ان کے نشان موجود ہیں۔

مریم نواز نے مزید کہا کہ نواز شریف آج بھی آپ لوگوں کیلیے میٹنگ کر رہا ہے، نواز شریف پلان کر رہا ہے کہ مہنگائی کیسے کم کرنی ہے، وہ سوچ رہا ہے کہ آپ کی تکلیفیں کیسے ختم کرنی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پہلی بار الیکشن لڑ رہی ہوں میں اس والد کی بیٹی ہوں جس نے دن رات آپ کی خدمت کی، اس چچا کی بھتیجی ہوں جس نے دن دیکھا نہ رات آپ کی خدمت کی، مجھے احساس ہے میرے کاندھوں پر کتنا بوجھ ہے، میں وہ امیدوار نہیں جسے لوگ پرچی پر لکھ کر دیں کہ ہمارے یہ مسائل ہیں، میں وہ امیدوار ہوں جو گھر سے پتا کر کے آئی ہوں کہ اس حلقے کے کیا مسائل ہیں۔

مریم نواز نے کہا کہ میں جانتی ہوں اس حلقے میں سب سے بڑا مسئلہ گیس کی قلت اور سیوریج کا ہے، میرا بس چلے تو این اے 119 کے ہر گھر کا دروازہ خود کھٹکھٹاؤں اور خدمت کروں۔

Comments




Source link

Facebook Comments

رائے دیں

Back to top button
نوٹیفیکیشن فعال کریں OK No thanks
Close

Adblock Detected

برائے مہربانی ایڈ بلاکر ختم کیجئے