عام انتخابات 2024 میں سیاسی مہم کے دوران جماعتیں ووٹ مانگنے کے لیے نت نئے طریقے استعمال کرتی دکھائی دیے رہی ہیں جبکہ الیکشن کمیشن کی جانب سے انتخابی مہم منگل کی شب 12 بجے بند ہوجائے گی۔
اسی سیاسی گہما گہمی کے دوران متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان نے پیر کو آسمان سے پمفلٹ گرا کر لوگوں سے ووٹ ڈالنے کی درخواست کی۔
ایم کیو ایم پاکستان نے نجی ایئر کمپنی سکائی ونگز کے دو چھوٹے جہازوں سے کراچی کے مختلف علاقوں کے علاوہ نواب شاہ اور حیدرآباد میں بھی پمفلٹ پھینکے۔
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
انڈپینڈنٹ اردو سے گفتگو کرتے ہوئے سکائی ونگز کے چیف ایگزیکٹو افسر (سی ای او) عمران اسلم نے کہا: ’پنجاب میں نجی جہازوں سے انتخابی مہم کے سلسلے میں مختلف سیاسی جماعتوں کے انتخابی پمفلٹ اور لیفلیٹ تو کئی بار پھینکے گئے، مگر سندھ میں یہ پہلی بار انتخابی پمفلیٹ جہاز سے پھینکے جا رہے ہیں۔
’ہمیں خوشی ہے کہ ہم مختلف سیاسی پارٹیوں کی ‘فضائی انتخابی مہم’ چلا کر ان کی مدد کر رہے ہیں۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’منگل کو ہماری کمپنی کے دو جہازوں سے ایم کیو ایم پاکستان کے مختلف امیدواروں کے انتخابی پمفلٹ آسمان سے گرائے ہیں۔ اس سے پہلے پی پی پی امیدواروں کے پمفلٹ جہاز سے پھینکے گئے تھے۔‘
ایک سوال کے جواب میں عمران اسلم نے کہا اس طرح انتخابی مہم چلانے کے ان کی کمپنی انتہائی مناسب دام لیتی ہے اور کوئی بھی امیدوار یا ان کے جماعت اس طرح کی مہم چلا سکتی ہے۔
’جہاز سے پمفلیٹ نیچے گرانے سے کوئی بھی مہم انتہائی کامیاب سمجھی جاتی ہے۔‘