fbpx
خبریں

ایشیا کپ: بھارت کا سری لنکا کیخلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ

ایشیا کپ کے سپر فور مرحلے کا اہم میچ دفاعی چیمپئن سری لنکا اور بھارت کے مابین کولمبو میں کھیلا جا رہا ہے بھارت نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا ہے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق کولمبو میں ایشیا کپ کے سپر فور مرحلے کے اہم میچ میں بھارت نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا ہے۔ آج کی فاتح ٹیم فائنل میں رسائی حاصل کر لے گی تاہم محکمہ موسمیات نے آج بھی بارش کی پیشگوئی کر رکھی ہے۔

ٹاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے بھارتی کپتان روہت شرما نے کہا کہ مسلسل تیسرا دن کھیل رہے ہیں مگر ہر طرح سے تیار ہیں کیونکہ اسپورٹس مین کی حیثیت سے مختلف چیلنج کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
روہت شرما نے مزید کہا کہ پچ پاکستان کیخلاف میچ سے کافی مختلف لگ رہی ہے، ٹیم میں آج ایک تبدیلی کی گئی ہے اور شاردل ٹھاکر کی جگہ اکشر پٹیل کو شامل کیا گیا ہے۔

سری لنکا کے کپتان دشون شناکا کا کہنا تھا کہ ٹاس جیت کر وہ بھی پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کرتے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز کھیلے گئے روایتی حریفوں کے مقابلے میں بھارت نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستان کو 357 رنز کا پہاڑ جیسا ہدف دیا تھا جس کے تعاقب میں گرین شرٹس 128 رنز پر ڈھیر ہوگئے تھے اور بھارتی ٹیم نے پاکستان کے خلاف تاریخ کی سب سے بڑی 228 رنز سے فتح حاصل کی تھی۔

بنگلہ دیش سپر فور مرحلے کے دو میچز کھیل کر پہلے ہی فائنل کی دوڑ سے باہر ہو چکا ہے جب کہ بھارت سے عبرتناک شکست نے پاکستان کے رن ریٹ کو بھی منفی کر دیا ہے۔ قومی ٹیم کو فائنل میں جگہ بنانے کے لیے نہ صرف اگلا میچ جیتنا بلکہ بڑے مارجن سے سری لنکا کو شکست دینا ہوگی۔

Comments




Source link

Facebook Comments

Back to top button