نریندر مودی سٹیڈیم میں ’فلسطین پر بمباری بند کرو‘ کی شرٹ پہنے مداح داخل

آسٹریلیا اور انڈیا کے درمیان احمد آباد میں کھیلے جانے والے ورلڈ کپ فائنل کے دوران ایک مداح ’فلسطین پر بمباری بند کرو‘ کی شرٹ اور فلسطینی پرچم کا ماسک پہنے میدان میں داخل ہو گئے۔
کرکٹ ورلڈ کپ 2023 کا یہ فائنل انڈیا کی ریاست گجرات کے شہر احمد آباد میں واقع دنیا کے سب سے بڑے سٹیڈیم نریندر مودی سٹیڈیم میں کھیلا جا رہا ہے۔
انڈین اننگز کے تیرہویں اوور کے دوران فلسطینی پرچم کا ماسک پہنے یہ مداح اس وقت میدان میں داخل ہوئے جب انڈین بلے باز وراٹ کوہلی وکٹ پر موجود تھے۔
اس مداح نے ’فلسطین پر بمباری بند کرو‘ کی شرٹ پہن رکھی تھی، شرٹ کی عقبی جانب ’فلسطین کو آزادی دو‘ کا نعرہ درج تھا۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی پر جاری تصاویر میں اس مداح کو انڈین بلے باز وراٹ کوہلی کے ہمراہ وکٹ پر موجود دیکھا جا سکتا ہے۔
مداح کے میدان میں داخلے کے کچھ لمحے بعد ہی سکیورٹی اہلکار میدان میں داخل ہوئے اور اس مداح کو میدان سے باہر لے گئے۔
ان مناظر کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہیں اور صارفین کی جانب سے یہ تصاویر مختلف عنوان اور تبصروں کے ساتھ شیئر کی جا رہی ہیں۔
فرید خان نامی صارف نے لکھا ’ورلڈ کپ کے احمد آباد میں ہونے والے فائنل کے دوران میدان میں داخل ہونے والا شخص فلسطینی پرچم اور شرٹ جس پر ’فلسطین پر بمباری بند کرو‘ کا پیغام درج ہے وراٹ کوہلی کو گلے لگانے کی کوشش کر رہا ہے۔‘
احمد نامی ایک صارف نے لکھا کہ ’کیا بہادر آدمی ہے۔ فلسطینی پرچم کا ماسک پہنے اور شرٹ جس پر لکھا ہے ’فلسطین پر بمباری بند کرو‘ ، ایک لاکھ انڈین شائقین کے سامنے میدان میں اتر آیا۔ میں ان کا احترام کرتا ہوں۔‘
what a brave man, wearing a Palestine flag mask and a shirt written ‘stop bombing Palestine’ jumped in front of 100000 indian people. he has my respect. pic.twitter.com/kwA29X2BF0
— Ahmed. (@ahmxidd) November 19, 2023
بہرام حبیب عباسی نامی صارف نے لکھا ’یہ بہادری کی بہترین مثال ہے۔‘
ورلڈ کپ 2023 کے فائنل میچ کے دوران اس مداح کی جانب سے فلسطینی پر بمباری بند کرنے کے مطالبے پر انڈین میڈیا میں بھی رپورٹنگ کی جا رہی ہے اور انڈین ذرائع ابلاغ بے بھی اس واقعے کو رپورٹ کیا ہے۔
اس واقعے کی تصاویر اور ویڈیوز سامنے آنے کے بعد سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر ’سٹاپ بمبنگ فلسطین‘ کے الفاظ بھی ٹرینڈ کر رہے ہیں۔
Facebook Comments