جنوبی افریقی کپتان آسٹریلیا کیخلاف سیمی فائنل کھیل سکیں گے؟ اہم خبر

ورلڈ کپ کا دوسرا سیمی فائنل جمعرات 16 اکتوبر کو جنوبی افریقہ اور آسٹریلیا کے درمیان کھیلا جائے گا پروٹیز کپتان میگا ایونٹ کے آخری میچ میں زخمی ہوگئے تھے۔
بھارت میں جاری آئی سی سی ون ڈے ورلڈ کپ اختتام کی جانب گامزن ہے۔ ناک آؤٹ سیمی فائنل مرحلہ کل سے شروع ہو رہا ہے ممبئی میں میزبان بھارت اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں ٹکرائیں گی جب کہ اگلے روز جمعرات کو کولکتہ میں ریکارڈ 5 بار کی عالمی چیمپئن آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ مد مقابل ہوں گی۔
جنوبی افریقہ کے کپتان ٹیمبا باووما جو ورلڈ کپ کے ابتدائی راؤنڈ کے افغانستان سے اپنے آخری میچ میں دائیں پیر میں ہیمسٹرنگ کے باعث انجری کا شکار ہو گئے تھے ان کے بارے میں تازہ اطلاعات یہ ہیں کہ وہ اہم مقابلے سے قبل میچ فٹنس حاصل کرنے کے قریب پہنچ گئے ہیں۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق پروٹیز کپتان باووما نے سیمی فائنل سے قبل کولکتہ کے ایڈن گارڈن میں ٹیم پریکٹس میں شریک ہوئے اور بغیر کسی تکلیف کے ٹریننگ سیشن مکمل کیا۔ انہوں نے پیڈ کرنے کے بعد ایک گھنٹہ سے زائد وقت تک بیٹنگ پریکٹس کی۔
باووما کی فٹنس اور میچ میں شرکت کے حوالے سے کرکٹ جنوبی افریقہ نے بیان جاری کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ کپتان کی انجری بہتر ہو رہی ہے جس کی وجہ سے ان کا اسکین نہیں لیا گیا جب کہ میڈیکل ٹیم ان کی انجری سے بحالی کی پیش رفت پر نظر رکھے ہوئے ہے تاکہ ان کے جمعرات کو سیمی فائنل کھیلنے کے حوالے سے کوئی حتمی فیصلہ کیا جا سکے۔
“رپورٹ کے مطابق باووما کی انجری سے ریکوری کی صورتحال کو دیکھتے ہوئے ان کے سیمی فائنل کھیلنے کے امکانات روشن ہیں تاہم حتمی فیصلہ میچ سے قبل ہی کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ پروٹیز کپتان اپنی انجری کے باعث لیگ مرحلے کے دو میچوں کے لیے پلیئنگ الیون کا حصہ نہیں تھے۔ ان کی غیر موجودگی میں ایڈن مارکرم نے ٹیم کی قیادت کی جبکہ ریزا ہینڈرکس کو ان کی جگہ ٹیم میں شامل کیا گیا تھا۔
رواں ورلڈ کپ میں جنوبی افریقہ کی مجموعی کارکردگی مثالی رہی ہے جو 9 میں سے 7 میچز جیت کر پوائنٹس ٹیبل پر دوسرے نمبر پر ہے تاہم جنوبی افریقہ کے لیے فکر کی بات کپتان باووما کی خراب فارم ہے اور وہ سات میچوں میں 16.11 کی اوسط اور 75.12 کے اسٹرائیک ریٹ سے صرف 145 رنز بنا سکے ہیں۔
Facebook Comments