سعودی عرب : خصوصی ورک ویزہ کی سہولت متعارف

ریاض : سعودی عرب کی حکومت نے غیر ملکی سرمایہ کاروں کو سہولیات کی فراہمی کیلئے خصوصی ویزہ متعارف کرایا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزارت سرمایہ کاری کے انڈر سیکرٹری محمد ابا حسین نے کہا ہے کہ غیر ملکی سرمایہ کاروں کی سہولت کے لیے ’انویسٹر وزیٹر‘ ویزہ جاری کیا جارہا ہے۔
سعودی ٹی وی الاخباریہ کے پروگرام میں وزارت سرمایہ کاری کے انڈرسیکرٹری اباحسین نے مزید کہا کہ وزارت سرمایہ کاری کے پورٹل ’سعودی عرب میں سرمایہ کاری کریں‘ (استثمرفی السعودیہ) کے ذریعے غیرملکی سرمایہ کاروں کو عارضی وزٹ ویزے کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔
انویسٹر ویزے کے حوالے سے اباحسین کا مزید کہنا تھا کہ مملکت میں سرمایہ کاری کے خواہشمند افراد کی سہولت کے لیے پورٹل جاری کیا گیا ہے۔
انویسٹر ویزہ کی درخواست پورٹل پر اپ لوڈ ہوتے ہی متعلقہ ادارے میں اس کا جائزہ لینے کے بعد نتیجے سے درخواست گزار کو مطلع کردیا جاتا ہے۔
انڈر سیکٹری کا مزید کہنا تھا کہ انویسٹر ویزہ حاصل کرنے کی کارروائی انتہائی آسان رکھی گئی ہے جسے ون ونڈو آپریشن بھی کہا جاسکتا ہے۔ ویزے کا اجرا بلا کسی تاخیر کیا جاتا ہے۔
واضح رہے کہ سعودی عرب میں غیرملکی سرمایہ کاروں کے لیے کافی مراعات کا اعلان کیا گیا ہے اس حوالے سے وزارت سرمایہ کاری نے خصوصی پورٹل بھی لانچ کیا ہے جس کے تحت نہ صرف غیرملکی سرمایہ کار اپنی کمپنی کو رجسٹر کرسکتے ہیں بلکہ اپنے لیے ویزہ بھی حاصل کرسکتے ہیں۔
Facebook Comments