ورلڈ کپ: دونوں بھارتی اوپنرز پویلین لوٹ گئے، 2 وکٹوں پر 93 رنز

ورلڈ کپ کے 37 میچ میں جنوبی افریقہ کے خلاف بھارت کے دونوں اوپنرز ٹیم کی سنچری ہونے سے قبل ہی 93 کے مجموعے پر پویلین لوٹ گئے ہیں۔
کولکتہ کے ایڈن گارڈن میں بھارت نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ کپتان روہت شرما اور شبھمن گل جنوبی افریقہ کے خلاف میدان میں جارحانہ موڈ کے ساتھ اترے اور چار اوورز میں ٹیم کی نصف سنچری مکمل کرا دی۔
روہت شرما نے پروٹیز پیسرز لنگی نگیدی اور مارکو جینسن کے خلاف لاٹھی چارج کیا اور 22 گیندوں پر 40 بنائے۔ اس موقع پر حریف کپتان باووما نے بولنگ تبدیل کی اور ربادا کو لائے جنہوں نے آتے ہی بھارتی کپتان شرما کو پروٹیز کپتان باووما کے ہاتھوں کیچ کرا دیا۔
62 کے مجموعی اسکور پر روہت کے آؤٹ ہونے پر ویرات کوہلی بیٹنگ کے لیے آئے اور شبھمن کے ساتھ اسکور بورڈ کو متحرک رکھا تاہم اننگ کے گیارھویں اوور میں جنوبی افریقہ کپتان کی دوسری بار بولنگ میں تبدیلی کارآمد ہوئی اور کیشو مہاراج نے شبھمن گل کو 23 کے انفرادی اسکور پر بولڈ کر دیا۔
بھارت نے 13 اوورز کے اختتام پر 99 رنز بنا لیے ہیں۔ کوہلی 21 اور شریاس ائیر 4 رنز پر بیٹنگ کر رہے ہیں۔
آج کے میچ کے لیے بھارت کی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے جب کہ جنوبی افریقہ کی ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی ہے۔ اسپنر تبریز شمسی کی واپسی ہوئی ہے۔
میگا ایونٹ بھارت نا قابل شکست ہے جو 7 میچز جیت چکی ہے جب کہ جنوبی افریقہ نے 7 میں سے 6 میچ جیت رکھے ہیں۔ میزبان 14 پوائنٹ کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل پر سر فہرست جب کہ پروٹیز 12 پوائنٹ کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے اور دونوں ٹیمیں ہی سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر چکی ہیں۔ تاہم جنوبی افریقہ میچ جیت کر ٹاپ ٹیم بن سکتی ہے۔
ہیڈ ٹو ہیڈ مقابلوں میں جنوبی افریقہ کا پلڑا بھاری ہے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان اب تک 90 ایک روزہ میچز کھیلے گئے ہیں جن میں سے 50 میں پروٹیز نے میدان مارا جب کہ بھارت کے ہاتھ 37 جیت آئی۔
ورلڈ کپ کے میچز میں بھی جنوبی افریقہ بھارت پر حاوی ہے جس نے باہمی 5 میچز میں سے 3 جیت رکھے ہیں جب کہ بھارت نے دو میں کامیابی حاصل کی ہے۔
Facebook Comments