ورلڈ کپ 2023: بنگلہ دیش کا پاکستان کو جیت کیلیے 205 رنز کا ہدف

آئی سی سی ورلڈ کپ 2023 کے 31ویں مقابلے میں بنگلہ دیش نے پاکستان کو جیت کیلیے 205 رنز کا ہدف دے دیا۔
کولکتہ کے ایڈن گارڈن اسٹیڈیم میں کھیلے جا رہے میچ میں پاکستانی باؤلرز نے بنگلہ دیش ٹیم کو 50 اوور کا کھیل پورا کرنے سے قبل ہی پویلین بھیج دیا۔ حریف ٹیم 45.1 اوور تک 204 رنز بنا کر آل آؤٹ ہوگئی اور پاکستان کو جیت کیلیے 205 رنز بنانے کا ہدف دیا۔
بنگلہ دیش کے محمود اللہ 56 رنز بنا کر ٹاپ اسکورر رہے جبکہ لٹن داس نے 45 اور کپتان شکیب الحسن نے 43 رنز بنائے۔ اس کے علاوہ مہدی حسن میراز 25 رنز بنا سکے۔
بنگلہ دیش نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ پاکستانی بولرز نے ابتدائی اوورز میں ہی حریف ٹیم کی تین وکٹیں گرا دیں۔
ٹیموں میں تبدیلیاں:
آج کے میچ کیلیے پاکستان ٹیم میں تین جب کہ بنگلہ دیش میں ایک تبدیلی کی گئی ہے۔ گرین شرٹس نے آؤٹ آف فارم امام الحق اور محمد نواز کو ڈراپ کیا ہے جبکہ نائب کپتان زخمی ہونے کے باعث میچ نہیں کھیل رہے ہیں ان کی جگہ فخر زمان، اسامہ میر اور سلمان علی آغا کی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے۔ بنگلہ دیش نے مہدی حسن کی جگہ توحید ہریدوئے کو ٹیم کا حصہ بنایا ہے۔
پاکستان نے ورلڈ کپ 2023 میں اب تک 6 میچز کھیل رکھے ہیں جن میں سے ابتدائی دو میچز نیدر لینڈ اور سری لنکا سے جیتنے کے بعد مسلسل چار شکستوں نے ٹیم کا مورال ڈاؤن کر دیا ہے۔ گرین شرٹس کے چار جب کہ بنگلہ دیش کے دو پوائنٹس ہیں۔ قومی ٹیم آج کا میچ جیت کر دو اہم پوائنٹس حاصل کر کے آگے بڑھنے کا حوصلہ حاصل کر سکتی ہے۔ دوسری جانب بنگلہ دیش نے صرف ایک میچ جیتا ہوا ہے۔
ہیڈ ٹو ہیڈ مقابلوں میں پاکستان کو واضح برتری حاصل ہے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان اب تک 38 ایک روزہ میچز کھیلے گئے ہیں جن میں سے 33 میں گرین شرٹس جب کہ 5 میں بنگال ٹائیگرز نے کامیاببی حاصل کی ہے۔
ورلڈ کپ میں پاکستان اور بنگلہ دیش اب تک دو بار ٹکرائیں ہیں اور ایک ایک میچ میں کامیابی حاصل کی ہے۔
قومی ٹیم کو فائنل فور میں اپنا چانس برقرار رکھنے کے لیے نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کے خلاف اپنے اگلے دونوں میچز بھی بھاری مارجن سے جیتنے ہوں گے اس کے بعد بھی نیوزی لینڈ کی دوسری ٹیم سے شکست کی دعائیں کرنا ہوں گی۔
آج کے میچ کے لیے دونوں ٹیمیں ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہیں۔
پاکستان:
بابر اعظم (کپتان)، عبداللہ شفیق، فخر زمان، محمد رضوان، سعود شکیل، افتخار احمد، آغا سلمان، شاہین شاہ آفریدی، اسامہ میر، محمد وسیم اور حارث رؤف۔
بنگلہ دیش:
شکیب الحسن (کپتان)، تنزید حسن، نجم الحسین شنتو، مشفق الرحمان، محمود اللہ، توحیدر ہریدوئے، مہدی حسن میراز، تسکین احمد، مستفیض الرحمان اور شریف الاسلام۔
Facebook Comments