fbpx
خبریں

”میری بہو مجھے مار ڈالے گی“، ساس پولیس اسٹیشن پہنچ گئی

بھارت کی ریاست تلنگانہ کے شہر حیدر آباد میں بہو سے خوفزدہ ساس جان کی حفاظت کیلیے پولیس اسٹیشن پہنچ گئی۔

مقامی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق ساتوی نامی خاتون نے پولیس تھانے پہنچ کر شکایت درج کروائی کہ بہو نے اس کی تمام مرغیوں کو زہر دے کر ہلاک کر دیا۔

ساتوی اپنے ساتھ ہلاک مرغیاں بھی پولیس تھانے لائیں۔ خاتون نے بتایا کہ بہو نے اس سے قبل میری تمام بطخوں کو بھی زہر دے کر مار دیا تھا، ڈر ہے کہ وہ مجھے بھی کسی دن زہر دے کر مار دے گی۔

پولیس نے جب معاملے کی انکوائری کی تو پتا چلا کہ دونوں کے درمیان جائیداد کا تنازع ہے۔

بھارت میں اس طرح کے واقعات پیش آنا غیر معمولی بات نہیں۔ رواں سال جولائی میں محض گھر کے کام کرنے سے انکار پر ساس نے بہو کو گولی مار کر ہلاک کر دیا تھا۔

واقعہ ریاست اتر پردیش کے ضلع گجرولا میں پیش آیا تھا۔ مقتولہ کا تعلق دولت مند گھرانے سے تھا جس کی وجہ سے وہ سسرال میں کام نہیں کرتی تھی۔

کام کے معاملے پر اکثر ساس بہو میں جھگڑا ہوتا تھا جبکہ سسرال میں مقتولہ سے جہیز کا بھی مطالبہ کیا جاتا تھا۔ دو روز قبل ساس نے بہو کو سر میں گولی مار کر اس کی جان لے لی اور پستول کو قریبی نالے میں پھینک دیا۔

ملزمہ نے گھر میں بتایا تھا کہ ڈاکو لوٹ مار کیلیے آئے تھے جنہوں نے بہو کو گولی مار کر ہلاک کیا اور فرار ہوگئے۔

مقتولہ کی والدہ نے ملزمہ کے خلاف ایف آئی آر درج کروائی تھی۔ پولیس نے معاملے کی تحقیقات کا آغاز کیا تو کچھ لوگوں نے بتایا تھا کہ ہم نے ملزمہ کو نالے میں کوئی چیز پھینکتے ہوئے دیکھا ہے۔

پولیس نے ملزمہ کو شوہر اور بیٹے سمیت گرفتار کیا تھا۔ جب ملزمہ سے تفتیش کی گئی تو اس نے اقبال جرم کیا تھا۔

Comments




Source link

Facebook Comments

Back to top button