ایک ماہ میں دو بار پیٹرول کی قیمت میں ریکارڈ اضافہ

پاکستان میں رواں ماہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں دو بار ریکارڈ اضافہ کیا گیا، جس کے بعد سے عوام کی مشکلات میں بھی اضافہ دکھائی دے رہا ہے۔
ہفتے کو نوٹیفیکیشن جاری کرتے ہوئے نگران حکومت نے پیٹرول کی قیمت میں 26 روپے دو پیسے کے اضافے کا اعلان کردیا۔
جس کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 331 روپے 38 پیسے ہوگئی جبکہ 17 روپے 34 پیسے کے اضافے کے بعد ڈیزل کی نئی قیمت 329 روپے 18 پیسے فی لیٹر ہو گئی ہے۔
وزارت خزانہ کے نوٹیفیکیشن کے بعد نئی قیمتوں کا اطلاق 16 ستمبر 2023 سے ہوگیا ہے۔
اس سے قبل نگران حکومت کے آتے ہی 15 اگست کو پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 17 روپے 50 پیسے جبکہ ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 20 روپے کا اضافہ کیا گیا تھا۔
اگست میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اس اضافے سے پیٹرول کی فی لیٹر قیمت 290 روپے 45 پیسے جبکہ ڈیزل کی فی لیٹر قیمت 293 روپے 40 پیسے ہو گئی تھی۔
ابھی بجلی کے زائد بلوں کا معاملہ اور اس پر ہونے والے احتجاج کا قصہ تھما نہیں تھا کہ ایک ماہ میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں دو مرتبہ اور وہ بھی ریکارڈ اضافے نے رہی سہی کسر بھی پوری کردی ہے۔
جماعتِ اسلامی کے امیر سراج الحق نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی مذمت کرتے ہوئے احتجاجی تحریک کا اعلان کردیا اور کہا کہ چاروں گونر ہاؤسز کے باہر دھرنے ہوں گے۔
انہوں نے ٹوئٹر پیغام میں کہا: ’اب خاموش رہنا موت ہے۔۔۔ جماعت اسلامی بجلی، پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں ظالمانہ اضافے کے خلاف احتجاجی تحریک چلا رہی ہے، چاروں گورنر ہاؤسز کے باہر دھرنے کا اعلان کیا ہے۔‘
اب خاموش رہنا موت ہے
پیٹرول کی قیمت میں مزید اضافے کی شدید مذمت کرتے ہیں، آئی ایم ایف کے کہنے پر یہ اقدام کرکے حکومت نے عوام کا جینا مشکل کر دیا ہے۔ جماعت اسلامی بجلی، پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں ظالمانہ اضافے کے خلاف احتجاجی تحریک چلا رہی ہے، چاروں گورنر ہاؤسز کے باہر دھرنے کا… pic.twitter.com/DJrDHZW02p— Siraj ul Haq (@SirajOfficial) September 15, 2023
عوام کی نظریں نگران حکومت پر ہیں کہ شاید وہ کسی صورت ریلیف دے سکے، لیکن نگران وزیراعظم نے گذشتہ روز میڈیا سے گفتگو میں بظاہر اس معاملے پر ہاتھ کھڑے کر لیے۔
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
جمعے کو اسلام آباد میں ایک اہم اجلاس کے بعد نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے پیٹرولیم کی قیمتوں میں اضافے سے متعلق سوال کے جواب میں کہا کہ اس کا تعلق بین الاقوامی مارکیٹ سے جڑا ہے۔
نگران وزیراعظم نے کہا تھا: ’بہت ساری چیزیں ہماری حکومت کے کنٹرول میں ہیں اور کچھ چیزیں بین الاقوامی مارکیٹ کی قیمتوں سے جڑی ہوئی ہیں۔ ہم ان چیزوں پر فوکس کر رہے ہیں، جہاں گورننس کے مسئلے ہیں اور جنہیں تبدیل کرکے عوام کو ریلیف دیا جاسکے۔ بین الاقوامی قیمتوں پر ہمارا کنٹرول نہیں ہے۔‘
عالمی مالیاتی ادارے آئی ایم ایف سے تین ارب ڈالر کے معاہدے کے بعد حکومت پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بتدریج اضافہ کر رہی ہے۔
You must log in to post a comment.