اقتصادی سروے آج، آئندہ مالی سال کا بجٹ منگل کو پیش ہو گا/ اردو ورثہ

پاکستان میں اگلے مالی سال کے بجٹ کے اعلان سے ایک روز قبل آج (پیر کو) اقتصادی سروے 2024 – 25 جاری کیا جائے گا جس میں گذشتہ مالی سال کے دوران اہم سماجی و اقتصادی اہداف کا خاکہ پیش کیا جائے گا۔
وزارت خزانہ کے مطابق وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب اسلام آباد میں ایک تقریب میں اقتصادی سروے رپورٹ جاری کریں گے، جس میں زراعت، صنعت، خدمات، توانائی، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ٹیلی کام، کیپٹل مارکیٹس، صحت، تعلیم، ٹرانسپورٹ اور مواصلات سمیت مختلف شعبوں کی کارکردگی اور معاشی رجحانات کے بارے میں تفصیلات شامل ہوں گی۔
بجٹ شیڈول کی منظوری
قومی اسمبلی کے سپیکر ایاز صادق نے آئندہ مالی سال 2025-26 کے وفاقی بجٹ کے لیے قومی اسمبلی کے اجلاس کے شیڈول کی منظوری دے دی ہے۔
سرکاری خبر رساں ادارے (اے پی پی) کے مطابق آئندہ مالی سال کا بجٹ منگل 10 جون کو قومی اسمبلی میں پیش کیا جائے گا جس کے بعد 11 اور 12 جون کو اجلاس نہیں ہو گا۔
آئندہ سال کے بجٹ پر 13 جون کو قومی اسمبلی میں بحث کا آغاز ہو گا۔ اس دوران قومی اسمبلی میں موجود پارلیمانی جماعتوں کو قواعد و ضوابط کے مطابق بحث کے لیے وقت دیا جائے گا۔
اے پی پی کے مطابق سپیکر قومی اسمبلی کے منظور کردہ شیڈول کے مطابق بجٹ پر بحث 21 جون کو سمیٹی جائے گی۔
22 جون کو قومی اسمبلی کا اجلاس نہیں ہو گا جبکہ 23 جون کو بجٹ میں مجوزہ ضروری اخراجات پر بحث کی جائے گی ۔
ڈیمانڈز،گرانٹس اور کٹوتی کی تحاریک پر 24 اور 25 جون کو بحث اور ووٹنگ ہوگی۔
قومی اسمبلی سیکریٹریٹ کے مطابق 26 جون کو فنانس بل کی قومی اسمبلی سے منظوری ہو گی جبکہ 27 جون کو سپلیمنٹری گرانٹس سمیت دیگر امور پر بحث اور ووٹنگ ہوگی۔
قومی اقتصادی کونسل کا اجلاس
چار جون کو وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت قومی اقتصادی کونسل کا اجلاس ہوا تھا، جس سے خطاب میں وزیراعظم نے کہا کہ ملک میں حالیہ معاشی استحکام وفاق اور صوبوں کی مشترکہ کاوشوں کی بدولت ممکن ہوا۔
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
اجلاس کے بعد جاری اعلامیے میں کہا گیا تھا کہ اجلاس کو بتایا گیا کہ 2024-2025 میں 3483 ارب روپے سالانہ قومی ترقیاتی پروگرام پر خرچ کیے جا رہے ہیں، جس میں 1100 ارب روپے وفاق جبکہ 2383 ارب روپے صوبوں کا حصہ ہے۔
’اجلاس نے 2024-2025 کے لیے مجموعی قومی پیداوار کی 2.7 فیصد شرح نمو اور اگلے مالی سال کے لیے 4.2 فیصد شرح نمو کی منظوری دے دی۔‘
بیان میں کہا گیا کہ جولائی 2024 تا اپریل 2025 ترسیلات زر میں 30.9 فیصد اضافہ ہوا اور کرنٹ اکاؤنٹ بیلنس پہلی مرتبہ مثبت رہا۔
مالی سال 2024-2025 میں مالیاتی خسارہ مزید کم ہو کر مجموعی قومی پیداوار کا 2.6 فیصد رہا جبکہ پرائمری بیلنس اضافے کے بعد مجموعی قومی پیداوار کا 3 فیصد رہا، بریفنگ
بیان میں کہا گیا کہ حکومتی پالیسیوں اور اقدامات سے پالیسی ریٹ بتدریج کمی کے بعد 11 فیصد پر آیا جبکہ جولائی 2024 سے مئی 2025 تک نجی شعبے کی ترقی کے لیے دیے جانے والے قرضے بڑھ کر 681 ارب تک پہنچ گئے۔
2025-26 کے سالانہ ترقیاتی پلان کی منظوری
قومی اقتصادی کونسل کے اجلاس نے 2025-2026 کے لیے 4224 ارب روپے کے قومی ترقیاتی بجٹ کی منظوری دی جس میں 1000 ارب روپے وفاقی جبکہ 2869 ارب روپے صوبائی ترقیاتی منصوبوں کے اخراجات کے لیے مختص ہوں گے
اجلاس نے مالی سال 2025-2026 کے لیے میکرو اکنامک فریم ورک اور اہداف کی منظوری دے دی۔
بیان کے مطابق ’قومی اقتصادی کونسل نے متعلقہ وزارتوں، صوبوں اور سرکاری اداروں کو ہدایت کی کہ مجوزہ سالانہ پلان 2025-2026 کے اہداف کے حصول کے لیے وزارت منصوبہ بندی کے ساتھ مل کر کام کریں۔‘