خبریں

انڈین خفیہ ادارے ’را‘ کے گرفتار 3 مبینہ ایجنٹس کا 5 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور/ اردو ورثہ

صوبہ پنجاب کے شہر فیصل آباد کی انسداد دہشت گردی عدالت نے جمعے کو پکڑے جانے والے انڈین خفیہ ادارے ’را‘ کے تین ایجنٹس کو پانچ روزہ جسمانی ریمانڈ پر سکیورٹی اداروں کے حوالے کر دیا ہے۔

محکمہ انسداد دہشت گردی کے ایک اہلکار نے ملزمان کے جسمانی ریمانڈ کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ان ملزمان جن میں اعظم، امجد اور منظور شامل ہیں کا جسمانی ریمانڈ لیا گیا ہے تاکہ ان سے پوچھ گچھ کر کے ان کے مزید ساتھیوں تک پہنچا جاسکے۔

را کے ان مبینہ ایجنٹس کی گرفتاری عید سے ایک روز قبل عمل میں آئی تھی۔

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

محکمہ انسداد دہشت گردی، پنجاب کے ترجمان کے بیان کے مطابق سی ٹی ڈی پنجاب نے خفیہ معلومات کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے انڈیا کی خفیہ ایجنسی را سے تعلق رکھنے والے تین خطرناک دہشت گردوں کو جھنگ روڈ، پٹھان کالونی سے گرفتار کیا تھا۔

ترجمان کے مطابق تین گرفتار مبینہ ایجنٹس کا تعلق جنوبی پنجاب کے علاقوں  سے تھا ان میں اعظم نامی شخص کا تعلق منچن آباد، امجد کا پاکپتن اور منظور کا تعلق بہاول نگر سے ہے۔

ترجمان کے مطابق ’ملزمان فتنہ الہندوستان اور بھارتی ایجنسی را کے لیے کام کرتے ہیں اور متعدد بار غیر قانونی طور پر سرحد پار کر کے سری نگر اور راجستھان میں را کے ایجنٹوں سے ملاقاتیں کر چکے ہیں۔‘

ترجمان سی ٹی ڈی نے یہ بھی بتایا کہ تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ مشتبہ افراد واٹس ایپ کے ذریعے انڈیا کو حساس مقامات کے نقشے ارسال کرتے رہے۔

سی ٹی ڈی فیصل آباد نے مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی تھی۔

ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق ’ملزمان عید کے موقع پر لاہور، بہاولپور، بہاول نگر اور پاکپتن میں اہم مقامات کو نشانہ بنانا چاہتے تھے اور ان کے پاس سے  بھاری مقدار میں اسلحہ، دھماکہ خیز مواد، ڈیٹونیٹرز اور نقشے برآمد ہوئے تھے۔‘

اپنی رائے دیں

Related Articles

Back to top button