خبریں

پاکستان ریلوے کا جدید قدم، سٹیشن پر ایسکیلیٹر نصب کرنا شروع/ اردو ورثہ

پاکستان ریلوے نے پہلے مرحلہ میں لاہور سٹیشن پر پہلا ایسکیلیٹرز سسٹم نصب کرنا شروع کر رکھا ہے۔ یہ اقدام ریلوے پاکستان میں تاریخ کا پہلا بتایا جا رہا ہے۔

لاہور کے بعد کراچی ریلوے سٹیشن پر بھی ایسکیلیٹرز لگانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ترجمان ریلوے بابر رضا کے مطابق، ان دو بڑے شہروں میں تنصیب کے بعد اپنے وسائل کے مطابق تمام بڑے سٹیشنوں پر نصب کیے جائیں گے۔

ٹرین مسافروں کا کہنا ہے کہ ایسکیلیٹرز لگانا اچھی سہولت ہے، لیکن پہلے ٹریک، پلوں اور بوگیوں میں سہولیات بہتر کی جانی چاہیے تھیں۔ انسانی جانوں کا تحفظ سہولیات سے زیادہ اہم ہوتا ہے۔

ترجمان ریلوے کے بقول، ’یہ اقدام پلیٹ فارم کراس کرنے کے لیے معذور اور بزرگوں کی ضرورت کا خیال رکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔ یہ بہت پہلے بن جانا چاہیے تھا، لیکن اب وسائل بہتر ہونے پر بنانا شروع کیے ہیں۔‘

’لاہور میں بننے والے ایسکیلیٹر سسٹم پر چھ کروڑ روپے اخراجات آئیں گے۔ اسی طرح کراچی میں بھی اتنی ہی رقم سے نصب کیا جائے گا۔‘

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

بابر رضا کے بقول، ’ریلوے کے نظام کو بہتر کرنے کے لیے کام ہوتے رہتے ہیں۔ حالیہ سکھر اور روہڑی سیکشن میں ٹریک اور نظام بہتر کرنے کے لیے 13 ارب روپے کی منظوری دی گئی ہے۔‘

بقول بابر، ’یہ نہیں کہا جا سکتا کہ سہولیات کو بہتر کرنے کے ساتھ مسافروں کے تحفظ پر کام نہیں کیا جا رہا، کیونکہ اس حوالے سے بھی ترجیحی کام کیے جاتے ہیں۔ البتہ مسافروں کو سہولیات کی فراہمی بھی ہماری ذمہ داری ہے تاکہ لوگ ریل کے سفر کو ترجیح دیں اور ہماری آمدن میں اضافہ ہوتا رہے۔‘

ان کے مطابق، ’مین لائن وَن (ایم ایل وَن) پشاور سے کراچی تک منصوبہ شروع کرنے کے لیے ریلوے انتظامیہ مکمل تیار ہے۔ جب حکومت ہدایت دے گی، اس پر کام کا آغاز ہو جائے گا۔ اس کے علاوہ ٹرینوں میں مسافر بوگیوں کی حالت کافی بہتر ہو رہی ہے۔ چائنہ سے 246 نئی بوگیاں خریدی گئی ہیں۔ ہم نے گرین لائن کی طرح پاکستان بزنس ٹرین میں یکم جولائی سے نئی بوگیاں لگا دی جائیں گی۔ ایسے ہی مرحلہ وار نظام میں بھی بہتری لائی جا رہی ہے۔‘

خیال رہے کہ ریلوے ٹریک اور خاص طور پر پلوں کی حالت بہتر نہ ہونے پر حالیہ دنوں میں کئی حادثات پیش آ چکے ہیں۔ لیکن ریلوے حکام کا دعویٰ ہے کہ نظام کو بہتر کرنے کے اقدامات بھی جاری ہیں۔

اپنی رائے دیں

Related Articles

Back to top button