وزیر اعظم اور فیلڈ مارشل کا عمرہ ادا، ولی عہد محمد بن سلمان سے ملاقات متوقع/ اردو ورثہ

وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف اور آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے وفد کے ہمراہ ولیِ عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی خصوصی دعوت پر دورہ سعودی عرب کے دوران گذشتہ شب عمرہ کی سعادت حاصل کی۔
وزیر اعظم ہاؤس سے جاری تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم اور فیلڈ مارشل کے لیے خانہ کعبہ کا دروازہ خصوصی طور پر کھولا گیا جس کے بعد انہوں نے نوافل کی ادائیگی کی اور آپریشن بنیان مرصوص کی فتح پر اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کیا۔
تفصیلات کے مطابق انہوں نے پاکستان کی معاشی میدان اور عوامی فلاح کے لیے اقدامات کے حوالے سے حالیہ کامیابیوں پر اللہ رب العزت کا شکر ادا کرتے ہوئے ملکی ترقی و خوشحالی کے ساتھ ساتھ امت مسلمہ بالخصوص ظلم و جبر کے شکار کشمیری و فلسطینی مسلمان بہن بھائیوں کے لیے خصوصی دعائیں کیں۔
نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ محمد اسحاق ڈار، وزیرِ داخلہ سید محسن رضا نقوی اور وزیرِ اطلاعات و نشریات عطااللہ تارڑ بھی وزیرِاعظم کے ہمراہ تھے۔
پاکستانی دفتر خارجہ کے مطابق اس دورے کے دوران وزیرِاعظم پاکستان سعودی ولی عہد اور وزیرِاعظم شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات کریں گے۔
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
ملاقات میں تجارت و سرمایہ کاری، مسلم اُمہ کی فلاح و بہبود اور علاقائی امن و سلامتی سمیت اہم شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر بات چیت ہوگی۔
پاکستانی دفتر خارجہ کے مطابق یہ دورہ پاکستان اور سعودی عرب کے گہرے، آزمودہ اور دیرینہ تعلقات کا مظہر ہے جو باہمی احترام اور سٹریٹیجک شراکت داری پر مبنی ہیں۔
یہ دورہ دونوں ممالک کی قیادت کی اقتصادی اور سفارتی تعلقات کو مزید گہرا کرنے کی عزم کا اعادہ بھی ہے، جو سعودی وژن 2030 اور پاکستان کی ترقیاتی ترجیحات سے ہم آہنگ ہے۔
بیان میں کہا گیا تھا کہ وزیرِاعظم شہباز شریف کا یہ دورہ پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات کو مزید مستحکم کرنے اور کثیر جہتی تعاون کے نئے امکانات کھولنے کا باعث بنے گا۔