خبریں

’ہارٹ لیمپ‘ کی انڈین مصنفہ بانو مشتاق کے لیے انٹرنیشنل بکر پرائز/ اردو ورثہ

ایک انڈین مصنفہ، وکیل اور سماجی کارکن بانو مشتاق کو منگل کو ان کے افسانوی مجموعے ’ہارٹ لیمپ‘ پر انٹرنیشنل بکر پرائز سے نوازا گیا۔

فرانسیسی خبر رساں ایجنسی ( اے ایف پی) کے مطابق 77 سالہ بانو مشتاق کنڑا زبان کی پہلی مصنفہ ہیں جنہیں ترجمہ شدہ فکشن کے لیے اس باوقار ادبی ایوارڈ سے نوازا گیا ہے۔

لندن کی ٹَیٹ ماڈرن گیلری میں ایوارڈ تقریب کے دوران انہوں نے کہا: ’یہ لمحہ ایسے ہے جیسے ہزاروں جگنو ایک آسمان کو روشن کر رہے ہوں — مختصر، درخشاں اور مکمل طور پر اجتماعی۔‘

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

انہوں نے مزید کہا: ’میں یہ عظیم اعزاز ایک فرد کے طور پر نہیں بلکہ ان تمام لوگوں کی نمائندگی کرتے ہوئے قبول کر رہی ہوں جو میرے جیسے خیالات، تجربات یا جدوجہد رکھتے ہیں۔‘

بانو مشتاق یہ 50 ہزار پاؤنڈ (67  ہزار ڈالر) کا انعام اپنی مترجم دیپا بھاستی کے ساتھ شیئر کریں گی، جنہوں نے ان کہانیوں کے انتخاب میں بھی مدد دی۔

’ہارٹ لیمپ‘ میں 12 کہانیاں شامل ہیں جو 1990 سے 2023 کے درمیان شائع ہوئیں۔ یہ کہانیاں جنوبی انڈیا کی مسلم برادریوں کی روزمرہ زندگی خاص طور پر خواتین اور لڑکیوں کے تجربات بیان کرتی ہیں۔

نقادوں نے اس مجموعے کو اس کے خشک مگر لطیف مزاح، ذہین اور روزمرہ بول چال کے انداز اور پدرشاہی، ذات پات پرستی اور مذہبی قدامت پسندی پر شدید تنقید کے لیے سراہا ہے۔

ریاست کرناٹک کی رہائشی بانو مشتاق خواتین کے حقوق کی حمایت اور امتیازی سلوک کے خلاف قانونی چارہ جوئی کے لیے جانی جاتی ہیں۔

جیوری نے ان کے کرداروں — جیسے پُرجوش دادیوں سے لے کر ہڑبڑائے ہوئے مذہبی علما تک — کو ’بقا اور حوصلے کی حیرت انگیز تصویریں‘ قرار دیا۔

انہوں نے کہا: ’میری کہانیاں خواتین کے بارے میں ہیں کہ کس طرح مذہب، معاشرہ اور سیاست ان سے غیر مشروط اطاعت کا تقاضا کرتے ہیں اور اس عمل میں ان پر انسانیت سوز ظلم ڈھاتے ہیں، انہیں محض تابع بنا دیتے ہیں۔‘

جیوری کے سربراہ میکس پورٹر نے ’ہارٹ لیمپ‘ کو ’انگریزی قارئین کے لیے کچھ نیا‘ قرار دیا۔

انہوں نے کہا: ’ایک انقلابی ترجمہ جو زبان میں ارتعاش پیدا کرتا ہے، تاکہ انگریزی زبانوں کے تنوع میں نئے رنگ اور ساخت پیدا کی جا سکے۔ یہ ترجمے کے مفہوم کو چیلنج کرتا ہے اور اس وسعت بڑھاتا ہے۔‘

اپنی رائے دیں

Related Articles

Back to top button