پاکستان اور انڈیا کے درمیان سکیورٹی اہلکاروں کا تبادلہ ہوا: سیکریٹری خارجہ/ اردو ورثہ

پاکستان اور انڈیا کے درمیان کئی روز کی کشیدگی اور فوجی جھڑپوں کے بعد فائر بندی کی صورت حال پر انڈپینڈنٹ اردو کی لائیو اپ ڈیٹس
سہہ پہر 16 بج کر 45 منٹ پر
پاکستان اور انڈیا کے درمیان سکیورٹی اہلکاروں کا تبادلہ ہوا: سیکریٹری خارجہ پاکستان
پاکستان کی سیکریٹری خارجہ، آمنہ بلوچ نے غیر ملکی سفارت کاروں کو بتایا ہے کہ پاکستان اور انڈیا نے جذبہ خیر سگالی کے طور پر ایک دوسرے کے سکیورٹی اہلکاروں کا تبادلہ کیا ہے جو حالیہ کشیدگی کے دوران حراست میں لیے گئے تھے۔
پاکستانی دفتر خارجہ کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق جمعرات کو اسلام آباد میں قائم سفارتی مشنوں کو پاکستان اور انڈیا تعلقات میں حالیہ پیش رفت سے آگاہ کیا گیا۔
سیکریٹری خارجہ آمنہ بلوچ نے سفارتی کور کو 10 مئی 2025 کو اعلان کردہ جنگ بندی کے نفاذ اور پیش رفت سے آگاہ کیا۔
انہوں نے بتایا کہ جذبہ خیر سگالی کے طور پر، پاکستان اور انڈیا نے گذشتہ روز ایک دوسرے کی تحویل میں پاکستان رینجرز اور انڈین بارڈر سکیورٹی فورس کے اہلکاروں کا تبادلہ کیا ہے۔
انہوں نے جنگ بندی کے حصول میں تعمیری کردار ادا کرنے پر دوست ممالک کا شکریہ ادا کیا۔
’نئے معمول‘ کے قیام کے بارے میں انڈیا کے بے بنیاد دعووں کے تناظر میں، پاکستان کی سیکریٹری خارجہ آمنہ بلوچ نے زور دیا کہ دو طرفہ تعلقات میں واحد ’نارمل‘ خودمختاری اور علاقائی سالمیت کا احترام ہے۔
انہوں نے تنازعات اور تنازعات پر پرامن بقائے باہمی، مذاکرات اور سفارت کاری کی پاکستان کی ترجیح پر زور دیا۔
دوپہر 12 بج کر 28 منٹ پر
عالمی جوہری ایجنسی پاکستان کے ہتھیاروں کا کنٹرول سنبھالے: انڈیا
بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی پاکستان کے جوہری ہتھیاروں کا کنٹرول سنبھالے، انڈین وزیر دفاع
خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق انڈیا کے وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے جمعرات کو کہا کہ بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی کو پاکستان کے جوہری ہتھیاروں کا کنٹرول سنبھالنا چاہیے۔
تاہم پاکستان کے جوہری ہتھیاروں کی نگرانی بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی (آئی اے ای اے) کو دینے سے متعلق انڈیا کے وزیر دفاع کے اس بیان کی اسلام آباد نے شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسے بیانات نہ صرف غیر ذمہ دارنہ ہیں بلکہ یہ انڈیا کی ’مایوسی‘ کو ظاہر کرتے ہیں۔
راج ناتھ سنگھ نے یہ بیان ایک ایسے وقت دیا ہے جب چند روز قبل ہی پاکستان اور انڈیا کے درمیان امریکہ کی ثالثی سے سیز فائر ہوا ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی (اے ایف پی) کے مطابق انہوں نے کہا: ’میں یہ سوال دنیا کے سامنے رکھنا چاہتا ہوں… کیا پاکستان کا جوہری ذخیرہ محفوظ ہے؟‘
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
انہوں نے بھارتی زیر انتظام کشمیر میں ایک فوجی اڈے پر جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا: ’پاکستان کے جوہری ذخیرے کو بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی (آئی اے ای اے) کی نگرانی میں لانا چاہیے۔‘
انڈین ایکسپریس کے مطابق وزیر دفاع جمعرات کو سری نگر پہنچے تاکہ انڈیا کے زیر انتظام جموں و کشمیر میں مجموعی سکیورٹی صورت حال اور اپنی مسلح افواج کی جنگی تیاریوں کا جائزہ لے سکیں۔ انہوں نے سری نگر کی بادامی باغ چھاؤنی میں انڈین فوج کے جوانوں سے خطاب کیا۔
گذشتہ روز کے حالات جاننے کے لیے یہاں کریں۔