’انٹرنیشنل تجربے کا خزانہ‘: مائیک ہیسن پاکستان وائٹ بال ٹیم کے ہیڈ کوچ مقرر/ اردو ورثہ

پاکستان کرکٹ بورڈ نے منگل کو نیوزی لینڈ کے مائیک ہیسن کو وائٹ بال کرکٹ ٹیم کا ہیڈ کوچ اور عاقب جاوید کو ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس مقرر کر دیا ہے۔
وائٹ بال ہیڈ کوچ کے عہدے پر گذشتہ سال جنوبی افریقہ کے گیری کرسٹن کے مستعفی ہونے کے بعد جیسن گیلسپی اور عاقب جاوید کو عبوری کوچ مقرر کیا گیا تھا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی نے منگل کو ایک بیان میں کہا ہے کہ ’مائیک ہیسن اپنے ساتھ بین الاقوامی تجربے کا خزانہ اور مسابقتی ٹیمیں تیار کرنے کا ثابت شدہ ریکارڈ لے کر آ رہے ہیں۔‘
انہوں نے کہا کہ ’ہم پاکستان کی وائٹ بال کرکٹ کے مستقبل کی تشکیل میں ان کی مہارت اور قیادت کے منتظر ہیں۔ ٹیم میں خوش آمدید، مائیک۔‘
مائیک ہیسن اس سے قبل نیوزی لینڈ اور کینیا کے ہیڈ کوچ کے طور پر خدمات انجام دے چکے ہیں، جبکہ وہ اس وقت پاکستان سپر لیگ کے دفاعی چیمپیئن اسلام آباد یونائیٹڈ کے ہیڈ کوچ بھی ہیں۔
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
اس عہدے کے لیے اظہر محمود سمیت کئی سابق کرکٹرز نے درخواست دی تھی۔
پی سی بی نے نئے ہیڈ کوچ کے انتخاب کے لیے چار رکنی کمیٹی تشکیل دی جس میں جاوید بھی شامل تھے۔
پاکستان رواں ماہ کے آخر میں بنگلہ دیش کی میزبانی میں پانچ ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز کھیلے گا۔
تاہم یہ دورہ دوبارہ شیڈول کیا جا سکتا ہے کیوں کہ پاکستان نے اعلان کیا ہے کہ انڈیا اور پاکستان کے درمیان جنگ بندی کے بعد پی ایس ایل کا دوبارہ آغاز 17 مئی سے ہو گا، اور اب فائنل 25 مئی کو کھیلا جائے گا۔