خبریں

انڈیا سے کشیدگی: پاکستان سپر لیگ کے بقیہ میچز ملتوی/ اردو ورثہ

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے انڈیا سے کشیدگی کے باعث حالیہ صورت حال کے پیش نظر جمعے کو پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے باقی آٹھ میچ ملتوی کرنے کا اعلان کیا ہے۔

پی سی بی کی جانب سے جاری کی گئی پریس ریلیز میں کہا گیا کہ گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران لائن آف کنٹرول پر صورت حال انتہائی کشیدہ رہی، انڈیا کی جانب سے 78 ڈرونز اور زمین سے زمین تک مار کرنے والے میزائل فائر کیے گئے۔

اس سے قبل پی سی بی نے اعلان کیا تھا کہ ٹورنامنٹ کے بقیہ میچز متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں کھیلے جائیں گے۔

جمعرات کو بی سی بی کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق کراچی کنگز بمقابلہ پشاور زلمی، پشاور زلمی بمقابلہ لاہور قلندرز، اسلام آباد یونائیٹڈ بمقابلہ کراچی کنگز، ملتان سلطانز بمقابلہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز، کوالیفائر، ایلیمی نیٹر ون اور ایلیمی نیٹر ٹو اور فائنل  کو نئے شیڈول کے مطابق ترتیب دیا جائے گا، تاہم بعدازاں ان میچوں کو ملتوی کرنے کا اعلان کر دیا گیا۔

قبل ازیں گذشتہ روز پاکستان اور انڈیا کے درمیان جاری حالیہ کشیدگی کے پیش نظر راولپنڈی میں ہونے والا پاکستان سپر لیگ میں پشاور زلمی اور کراچی کنگز کے میچ کا شیڈول تبدیل کر دیا گیا تھا۔

یہ فیصلہ انڈیا کی جانب سے جمعرات کو پاکستان کے متعدد شہروں پر ڈرون حملوں کے بعد سامنے آیا تھا جن میں سے راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم کے قریب بھی گرا ہے۔

 پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ ’پی سی بی نے تمام سٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے پشاور زلمی اور کراچی کنگز کے درمیان آج رات راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں ہونے والے  میچ کو ری شیڈول کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔‘

تاہم یہ میچ کب اور کہا کھیلا جائے گا اس حوالے سے کچھ نہیں کہا گیا تھا۔

پاکستان سپر لیگ میں اب تک کل 26 میچز کھیلے جا چکے ہیں جبکہ 27واں میچ جمعرات کی شب پشاور زلمی اور کراچی کنگز کے درمیان راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلا جانا تھا۔

پاکستان سپر لیگ میں نو مئی کو لاہور قلندرز اور پشاور زلمی جبکہ 10 مئی کو اسلام آباد یونائیٹڈ اور کراچی کنگز کے درمیان میچز بھی راولپنڈی میں کھیلے جانے ہیں جن کا شیڈول بھی تبدیل کیے جانے کا امکان ہے۔

دوسری جانب انڈین پریمیئر لیگ میں بھی اتوار کو ممبئی انڈینز اور پنجاب کنگز کے درمیان دھرم شالا میں کھیلے جانے والے میچ کو گجرات منتقل کر دیا گیا ہے۔

Related Articles

رائے دیں

Back to top button