ویمنز ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ورلڈ کپ 2026، فائنل لارڈز گراؤنڈ میں ہو گا/ اردو ورثہ

آئی سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ورلڈ کپ 2026 کے لیے سات گراؤنڈز کی تصدیق کر دی گئی ہے جس کے مطابق ایونٹ کا فائنل لارڈز کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلا جائے گا۔
انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ کے مطابق لارڈز کرکٹ گراؤنڈ، اولڈ ٹریفرڈ کرکٹ گراؤنڈ، ہیڈنگلے، ایج بسٹن، ہیمپشائر باؤل، دی اوول اور برسٹل کاؤنٹی گراؤنڈ اس ٹورنامنٹ کے میچز کی میزبانی کریں گے۔
لارڈز، جہاں 2017 میں انگلینڈ اور انڈیا کے درمیان سنسنی خیز ویمنز کرکٹ ورلڈ کپ کا فائنل کھیلا گیا، پانچ جولائی 2026 کو ویمنز ٹی ٹوئنٹی فائنل کی میزبانی کرے گا۔
ٹورنامنٹ کا آغاز جمعہ 12 جون 2026 کو ہو گا اور اس میں 33 میچز کھیلے جائیں گے۔ یہ 24 دن کے بعد لارڈز میں اختتام پذیر ہو گا۔
اس ایونٹ کا مقصد دنیا کی بہترین ویمنز کرکٹرز کو سامنے اور خواتین کی کرکٹ کو مرکزی دھارے میں لانا ہے۔
اس توسیع شدہ ٹورنامنٹ میں 12 ٹیمیں انگلینڈ اور ویلز کا رخ کریں گی تاکہ اس ٹرافی کو جیتنے کے لیے مقابلہ کر سکیں، جو اس وقت نیوزی لینڈ کے پاس ہے۔
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
ٹورنامنٹ کے شیڈول کا اعلان بعد میں کیا جائے گا، جس میں ٹیمیں دو گروپوں میں تقسیم ہو کر کھیلیں گی اور پھر ناک آؤٹ مرحلہ ہو گا۔
آٹھ ممالک پہلے ہی اپنی جگہ یقینی بنا چکے ہیں، جب کہ باقی چار ٹیموں کا فیصلہ آئندہ سال ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کوالیفائر کے ذریعے ہو گا۔
انگلینڈ اور ویلز کو 2026 کے آئی سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی میزبانی کے حقوق 2022 میں دیے گئے اور میزبان سات وینیوز کا انتخاب مختلف معیار کا جائزہ لینے کے بعد کیا گیا۔
ٹورنامنٹ یکم مئی 2025 کولارڈز میں ہونے والی ایک تقریب کے دوران باضابطہ طور پر لانچ کیا گیا۔
تقریب میں برطانیہ کی خواتین کی کھیلوں کی چند بڑی شخصیات نے شرکت کی جن میں انگلینڈ ویمنز کرکٹ ٹیم کی ہیڈ کوچ شارلٹ ایڈورڈز، انگلینڈ کی سٹار کھلاڑی ٹیمی بیومونٹ، سوفیا ڈنکلی، سوفی ایکلسٹون اور لورین بیل، اور انگلینڈ رگبی کھلاڑی ایلی کلڈن شامل تھیں۔
برطانوی اخبار گارڈین کے مطابق امریکی اداکارہ وینیسا ولیمز جنہیں ’اگلی بیٹی‘ اور ’ڈیسرپریٹ ہاؤس وائیوز‘ جیسی فلموں سے شہرت ملی، کرکٹ ورلڈ کپ کے سلسلے میں ہونے والی کی تقریب غیر متوقع انتخاب نظر آئیں۔
تاہم جمعرات کو لارڈز میں وینیسا ولیمز مکمل طور پر خواتین پر مشتمل پینل کا حصہ بنیں جس میں ورلڈ رگبی پلیئر آف دی ایئر ایلی کلڈن اور نوبیل امن انعام یافتہ اور سابق آکسفورڈ یونیورسٹی کرکٹر ملالہ یوسفزئی بھی شامل تھیں جنہوں نے آئی سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ ٹورنامنٹ 2026 جو انگلینڈ میں ہو گا، کے لیے الٹی گنتی کا آغاز باضابطہ آغاز کیا۔
تقریب میں موجود سابق مس امریکہ اور 1992 کا مشہور گانا ’سیو دا بیسٹ فار دا لاسٹ‘ گانے والی گلوکارہ وینیسا ولیمز بھی موجود تھیں جنہوں نے ملالہ کو کرکٹ فیلڈنگ پوزیشنز کے بارے میں بتاتے ہوئے سنا جو بلاشبہ لانگ روم کی تاریخ کے سب سے منفرد اور دلچسپ واقعات میں سے ایک تھا۔
جیسے جیسے تقریب آگے بڑھی، یہ بات واضح ہونے لگی کہ تفریح، کھیل اور سماجی جدوجہد کے میدان میں نمایاں مقام رکھنے والی تین خواتین پینلسٹس کا انتخاب ایک با مقصد اور بامعنی فیصلہ تھا۔
یہ تقریب جان بوجھ کر ایم سی سی کے اس اندرونی حصے میں منعقد کی گئی جہاں 1999 تک خواتین کے داخلے پر پابندی تھی۔
یہاں خواتین کی آوازیں اور چہرے نمایاں طور پر غالب تھے۔ مقامی حکومت، قومی کھیلوں کی تنظیموں اور سپورٹس انڈسٹری سے مدعو کیے گئے مہمانوں میں کم از کم تین چوتھائی خواتین تھیں۔
شرکاء کی تنوع نے انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ کی اس سوچ کی عکاسی کی جو اس ٹورنامنٹ کو صرف کھیل کے ایک مقابلے سے کہیں آگے لے جانے کا ارادہ رکھتا ہے۔
بتھ بیرٹ وائلڈ جو اس ٹورنامنٹ کی شریک ڈائریکٹر ہیں، نے وضاحت کی ’یہ محض ایک اور ٹورنامنٹ یا ایک اور موقع نہیں۔ یہ ہمارا وقت ہے، ایک ساتھ آنے کا، اور خواتین کی کرکٹ کو اس مقام تک لے جانے کا جو اس کا حق ہے یعنی مرکز نگاہ۔‘
’ہمیں ورلڈ کپ سے پیدا ہونے والی چنگاریوں کو ایسے شعلوں میں تبدیل کرنا ہو گا جو نہ صرف اس ملک میں بلکہ دنیا بھر میں خواتین کی کرکٹ کے حوالے سے معاشرے کی سوچ، احساس اور رویے کو مستقل طور پر بدل دیں۔‘