اللہ پاک راضی ہو/ فیصل شامی

جیسا کہ پہلے بھی بتا چکے ہیں کہ اسلام آباد میں آجکل قیام پذیر ہیں اور بلاشبہ اسلام آباد دنیا کے خوبصورت ترین شہروں میں سے ایک ہے اور اپنی قدرتی خوبصورتی کے باعث ہی سیاحوں کے لئے باعث کشش ہے اور یہی اسلام آباد کی قدرتی خوبصورتی ہے جو بار بار ہمیں بھی اسلام آباد کھینچتی ہے اور جب بھی ہمیں موقع ملتا ہے تو ہم اسلام آباد پہنچ جاتے ہیں۔ ہمیں اسلام آباد میں دو تین روزہو چکے ہیں یہاں کا کا موسم بھی خاصا خوشگوار ہے۔دو روز قبل جب اسلام آباد میں شدید قسم کا زلزلہ آیا تو ہم بھی اسلام آباد میں موجود تھے اور شدید زلزلہ تھا جسے ہم نے بھی شدت سے محسوس کیا ہم اپنے فلیٹ میں موجود تھے دوپہر کے گیارہ بج کے پچاس منٹ کے قریب وقت تھا ہم صوفے ہہ بیٹھ کے ٹی وی دیکھ رہے تھے اچانک یوں لگا کہ زمین ہل رہی ہے اور ساتھ ہی ہماری نظر کمرے میں موجود گملے پرپڑی جو سجاوٹ کے لئے کمرے میں رکھا گیا تھا اور یوں لگا کہ پودا بھی پورا ہل رہا ہے اور جب پودے کو اپنی جگہ پہ ہلتے دیکھاتو پتہ لگا کہ واقعی زلزلہ آیا ہے۔زلزلہ کئی سکینڈ تک جاری رہا اور ہم نے اپنے بہت سے دوستوں سے جو اسلام آباد میں رہتے ہیں سے معلوم کرنے کی کوشش کی کہ زلزلہ آیا تھا یا ہمار ا وہم تھا لیکن جو خبر سننے کو ملی وہ کچھ اچھی نا تھی۔ طارق حبیب بھٹی سینئر صحافی ہیں اور ان کے ساتھ بہت پرانا تعلق بھی ہے ان سے بھی پوچھا تو انہوں نے بھی بتایا کہ شدید زلزلہ تھا جسکی شدت پانچ اعشاریہ کچھ تھی اور یقیناًشدید زلزلہ تھا بھٹی صاحب نے ہی بتایا کہ اس سے قبل بھی وفاقی دارالحکومت میں زلزلہ آیا تھا اور یہ بھی گویا آفٹر شاکس ہی سمجھیں۔طارق بھٹی کا کہنا تھا کہ ہو سکتا ہے مزید زلزلے بھی آ سکتے ہیں تو یہ سن کے بے ساختہ ہمارے لبوں سے نکلا کہ اللہ نہ کرے مزید زلزلے آئیں۔ہمیں حالیہ زلزلے کے جھٹکے محسوس ہوئے تو کئی سالوں پہلے آنے والا زلزلہ بھی یاد آ گیااور کئی سالوں پہ پہلے جب اسلام آباد سمیت بہت سے شہروں میں زلزلہ آیا تھا تو ان دنوں بھی ہم اسلام آباد میں تھے اور وہ خوفناک زلزلہ جس نے آفت مچا دی دی آج تک نہیں بھول سکے۔ ایک دفعہ پھر شدید زلزلے سے شہری پریشان ہوئے اور اللہ اللہ کرتے گھروں سے باہر نکل آئے۔ ہمارے بہت سے علماء کرام کاکہنا ہے کہ دنیا بھر میں مظالم ہو رہے ہیں اور مظالم پہ اسلامی حکمران بھی خاموش ہیں اور لگتا ہے کہ ہم اپنے رب پاک کے احکامات کو بھلا چکے اور اسلامی تعلیمات اور دین اسلام سے دور ہو رہے ہیں اور شاید اللہ پاک ہم سے ناراض ہے اور ہمیں چاہیے کہ اپنے رب کی خوشنودی و رضا کے لئے اسلامی احکامات پہ عمل کریں اور اچھے اچھے نیک عمل کریں تاکہ ہمارا رب ہم سے راضی ہو اور ہم پہ رحمتیں نازل فرمائے آمین ثم آمین۔