خبریں

خیبر پختونخوا، بالائی پنجاب میں کل سے مزید بارشوں اور ژالہ باری کی پیش گوئی/ اردو ورثہ

پاکستان محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری کی گئی موسمی پیش گوئی کے مطابق پاکستان کے بالائی حصوں میں مغربی ہواؤں کا سلسلہ اثر انداز ہو رہا ہے اور کل شام سے 20 اپریل تک بارش، آندھی اور بعض مقامات پر شدید طوفان اور ژالہ باری کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ جمعے اور ہفتے کو خیبر پختونخوا، بالائی پنجاب، پوٹھوہار ریجن، کشمیر اور گلگت بلتستان میں بارش، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ طوفان آ سکتے ہیں۔ بعض مقامات پر شدید بارش اور ژالہ باری بھی متوقع ہے۔

قرتی آفات سے نمٹنے والے ادارے نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے نیشنل ایمرجنسیز آپریشنز سینٹر نے 18 اپریل کی شام سے 19 اپریل تک کے لیے شدید موسمی ایڈوائزری جاری کی ہے۔

یہ ایڈوائزری پوٹھوہار ریجن (اسلام آباد، راولپنڈی)، بالائی پنجاب (اٹک، چکوال، گجرات، جہلم) اور سینٹرل پنجاب (فیصل آباد، حافظ آباد، جھنگ، خوشاب، میانوالی، لاہور، نارووال، ساہیوال، سرگودھا، شیخوپورہ) کے لیے جاری کی گئی ہے۔

این ڈی ایم اے  کے مطابق اگلے دو دن  تیز بارش، آندھی، گرج چمک اور بعض علاقوں میں ژالہ باری کا امکان ہے، جو بنیادی ڈھانچے، آمدورفت اور زرعی سرگرمیوں کے لیے خطرہ بن سکتی ہے۔

این ڈی ایم اے  کے مطابق اس دوران تیز ہوائیں اور شدید بارش درختوں کو گرا سکتی ہیں، جس سے عارضی بجلی کی بندش ہو سکتی ہے۔ آندھی، گرد کے طوفان اور ژالہ باری کمزور عمارات، چھتوں، گاڑیوں اور بجلی کی تاروں کو نقصان پہنچا سکتی ہے۔ ژالہ باری فصلوں اور شیشے والی بیرونی تعمیرات کو نقصان پہنچا سکتی ہے اور بارش اور گرد کے باعث حدِ نگاہ میں کمی سے ٹریفک حادثات کا خطرہ بڑھ سکتا ہے۔

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

این ڈی ایم اے  نے عوام کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ دیا ہے جس کے مطابق سیاحوں اور شہریوں کو چاہیے کہ سرکاری ذرائع سے موسم کی تازہ ترین صورتحال سے باخبر رہیں۔

مسافروں کو ہدایت دی گئی ہے کہ سفر سے قبل سڑکوں کی صورت حال معلوم کریں اور شدید موسم کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔

لینڈ سلائیڈنگ کے خدشے والے علاقوں میں رہنے والے افراد خاص احتیاط برتیں اور مقامی ہدایات پر عمل کریں۔

این ڈی ایم اے  نے عوام کو ہدایت دی کہ وہ شدید موسم کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کریں تاکہ ممکنہ نقصانات کو کم کیا جا سکے جب کہ متعلقہ ادارے کسی بھی ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کے لیے ہائی الرٹ پر ہیں۔

ایک روز قبل اسلام آباد اور راولپنڈی میں شام کو اچانک آنے والے شدید ژالہ باری اور بارش نے شہری زندگی کو مفلوج کر دیا۔

تقریباً 35 منٹ جاری رہنے والے اس طوفان کے دوران بڑے سائز کے اولے، تیز ہوائیں اور شدید بارش نے گاڑیوں، درختوں، سولر پینلز اور بنیادی ڈھانچے کو نقصان پہنچایا۔

اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی کے مطابق درختوں کے گرنے اور تاروں کے ٹوٹنے سے کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی متاثر ہوئی جب کہ گرنے والے درختوں اور ملبے کی وجہ سے سڑکوں پر ٹریفک جام ہو گیا، جس سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ ​

گذشتہ روز کی بارش اور ژالہ باری سے راولپنڈی اور اسلام آباد کے نواحی علاقوں میں گندم کی تیار فصلیں ژالہ باری اور بارش سے تباہ ہو گئیں، جس سے کسانوں کو بھاری مالی نقصان اٹھانا پڑا۔




Source link

Related Articles

رائے دیں

Back to top button