مسائل حل، پاکستانی اب متحدہ عرب امارات کا 5 سالہ ویزا حاصل کر سکتے: گورنر سندھ/ اردو ورثہ

گورنر ہاؤس سندھ کے بیان کے مطابق پاکستان میں متحدہ عرب امارات کے سفیر حمد عبيد ابراهيم سالم الزعابي نے منگل کو اعلان کیا کہ موجودہ مسائل کے حل کے بعد پاکستانی اب پانچ سالہ ویزا حاصل کر سکتے ہیں تاہم متحدہ عرب امارات کے اسلام آباد میں سفارت خانے یا محکمہ خارجہ نے اس بارے میں بیان جاری نہیں کیا ہے۔
یہ پیشرفت گورنر ہاؤس سندھ میں اماراتی سفیر اور سندھ کے گورنر کامران خان ٹیسوری کے درمیان ملاقات کے دوران سامنے آئی۔ اس موقع پر متحدہ عرب امارات کے قونصل جنرل بخیط عتیق الرومیتھی بھی موجود تھے۔
گورنر ہاؤس سندھ سے جاری ایک بیان میں متحدہ عرب امارات کے سفیر سعادة حمد عبيد ابراهيم سالم الزعابي کے حوالے سے بتایا گیا کہ ’ویزے کے مسائل حل ہو گئے ہیں، پاکستانی پانچ سالہ ویزا حاصل کر سکتے ہیں۔‘
انہوں نے گورنر سندھ کو کراچی قونصلیٹ میں ویزا سینٹر کے دورے کی دعوت بھی دی۔
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
کامران ٹیسوری نے متحدہ عرب امارات کے سفارت کار کا صوبے میں خصوصاً کراچی میں اپنے ملک کی سرمایہ کاری پر شکریہ ادا کیا۔ سفیر نے گورنر کے اقدام کے تحت جاری منصوبوں کی تعریف کی۔
گورنر ہاؤس کے بیان کے مطابق متحدہ عرب امارات کے حکام نے حال ہی میں ملک میں آنے والے پاکستانیوں کے جرائم اور بھیک مانگنے جیسی غیر قانونی سرگرمیوں میں مبینہ طور پر ملوث ہونے کی وجہ سے ان کی جانچ میں اضافہ کیا ہے۔
23 دسمبر کو سینیٹ کے ایک پینل کو بتایا گیا تھا کہ متحدہ عرب امارات جانے والے تمام پاکستانی مسافروں کی پولیس سے جانچ پڑتال اور تصدیق کی ضرورت ہے۔ اس سلسلے میں ٹریول ایجنٹس کو بھی ہدایت کی گئی۔
9 جنوری کو ایک اور اجلاس میں، سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے سمندر پار پاکستانیوں اور انسانی وسائل کی ترقی کو بتایا گیا کہ متحدہ عرب امارات جانے والے پاکستانیوں کے لیے ’کام کے ویزوں پر کوئی پابندی نہیں‘۔
متحدہ عرب امارات کے سفیر نے گورنر ہاوس میں شجر کاری مہم کے تحت پودا لگایا اور پرچم کشائی بھی کی،مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات درج کیے۔
پاکستانیوں کے ویزا کے اجرا کے حوالے سے مسائل دور کرنے اور اب ان کو پانچ ویزا حاصل کرنے کے گورنر سندھ کامران ٹیسوری کے بیان پر متحدہ عرب امارات کے سفیر یا محکمہ خارجہ نے کوئی تصدیقی یا تردیدی بیان جاری نہیں کیا ہے۔