کراچی : کورنگی میں پولیس اہلکار کو لوٹنے کی کوشش ڈاکوؤں کو مہنگی پڑگئی، اہلکار نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ڈاکوؤں پر فائرنگ کردی۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے صنعتی علاقے کورنگی انڈسٹریل ایریا تھانے کی حدود میں سیلانی ویلفیئر کے قریب فائرنگ کا واقعہ پیش آیا ہے جس میں دو ڈاکو زخمی ہوگئے۔
اس حوالے سے پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ارسلان نامی پولیس اہلکار چمڑا چورنگی سے گزر رہا تھا کہ اس دوران 3ڈاکوؤں نے اہلکار سے چھینا جھپٹی کرنے کی کوشش کی۔
پولیس اہلکار ارسلان نے ذاتی پستول سے ڈاکوؤں پر فائرنگ کردی، فائرنگ سے ایک ڈاکو زخمی ہوکر گرگیا، تاہم دوسرا زخمی ڈاکو تیسرے ساتھی کے ساتھ فرار ہوگیا، پولیس اہلکار اینٹی انکروچمنٹ پولیس حسن اسکوئر میں تعینات ہے۔
بعد ازاں کورنگی صنعتی ایریا پولیس نے کارروائی کرکے دوسرے زخمی ڈاکو کو بھی گرفتار کرلیا، گرفتار زخمی ڈاکوؤں کی شناخت وقار اور آصف کے نام سے ہوئی ہے۔
زخمی حالت میں گرفتار ہونے والے ڈاکوؤں کے قبضے سے واردات میں استعمال ہونے والا پستول اور چھینا ہوا موبائل فون برآمد کرلیا گیا ہے، زخمی ڈاکوؤں کو ابتدائی طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔