پاکستان کی وزارت خارجہ نے منگل کو سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خارجہ امور کو بتایا کہ پاکستان نے شام سے 250 شہریوں کو لبنان کے ساتھ واقع سرحد کے ذریعے نکال لیا ہے۔
ایوان بالا کی خارجہ امور کی کمیٹی کے ان کیمرا اجلاس کے بعد چیئرمین عرفان صدیقی نے میڈیا کو شام میں موجود پاکستانیوں سے متعلق تفصیلات سے آگاہ کیا۔
وزارت خارجہ حکام نے کمیٹی کو بتایا کہ 260 پاکستانی شہری مذہبی مقاصد کے لیے شام گئے تھے جو ملک کی موجودہ صورت حال کی وجہ سے پھنس گئے جبکہ ان کا انخلا بڑی حد تک مکمل کر لیا گیا ہے۔
وزارت خارجہ کے مطابق ان 260 میں سے 80 افراد کو بارڈر کے ذریعہ شام سے لبنان بھجوا دیا گیا ہے جنہیں وزیر اعظم شہباز شریف کی کال کے بعد لبنان کی حکومت بارڈر پر ہی ویزہ سمیت دیگر سہولیات فراہم کر رہی ہے۔
’ان میں سے 170 شہری بارڈر پر پہنچ چکے ہیں، اب 10 پاکستانی شہری شام میں موجود ہیں۔‘
چیئرمین کمیٹی نے بتایا کہ ’ممکن ہے یہ افراد اپنے طور پر شام سے نکل گئے ہوں۔‘
عرفان صدیقی کا کہنا ہے کہ لبنان کے دارالحکومت بیروت سے ان کو طیارہ کے ذریعہ پاکستان واپس لایا جائے گا۔
’اس طیارے کے لیے الگ مشکلات کا سامنا کرنا پڑا جس کی وجہ پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) ہے، لہذا دوسری ائیرلائن کے ساتھ رابطہ کیا جا رہا ہے۔‘
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
انہوں نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کو مزید بتایا کہ وزیر اعظم نے اس ضمن میں نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کو خصوصی ہدایات جاری کی ہیں کہ ان طیاروں کا انتظام کیا جائے اور اخراجات سے متعلق معاملات بھی دیکھے جائیں۔
حکام وزارت خارجہ کے مطابق تقریباً 750 پاکستانی خاندان برسوں سے شام میں بسے ہوئے ہیں جن کے افراد کی تعداد 2300 کے قریب ہے۔ شام میں قائم دینی مدارس میں تقریباً 60 طلبا پھنسے ہیں جن میں سے بیشتر افراد کے خاندان وہیں بسے ہوئے ہیں جبکہ وزارت خارجہ ان خاندانوں سے رابطے میں ہے۔
ان 60 طلبا کا تعلق انہی خاندانوں سے ہے۔
حکام وزارت خارجہ نے کمیٹی کو بتایا کہ شام میں تمام صورت حال کے دوران پاکستان کا سفارت خانہ محفوظ رہا، سفارت خانے میں 12 اہلکار معمور ہیں جنہیں کسی بھی پریشانی کا سامنا نہیں کرنا پڑا ہے۔
اس سے قبل منگل ہی کو وزیراعظم محمد شہباز شریف کے زیر صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس میں شام کی صورت حال کے تناظر میں وہاں سے پاکستانیوں کے انخلا سے متعلق بریفنگ دی گئی۔
کابینہ کو بتایا گیا کہ شام میں موجود 250 پاکستانی زائرین میں سے 79 بیروت پہنچ چکے ہیں جہاں سے ان کو ملک واپس لایا جائے گا۔
اس کے علاوہ شام سے تقریباً 20 اساتذہ اور سات طلبا بھی بیروت پہنچ چکے ہیں۔