سینٹ اجلاس ڈپٹی چیئرمین اور منظور کاکڑ کے درمیان تلخ کلامی/ رانا فرحان اسلم

ایوان بالا کا اجلاس ڈپٹی چیئرمین سیدال خان ناصر کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس کورم کی نشاندہی پر ہفتہ کے روز تک ملتوی کردیا گیا۔ ڈپٹی چیئرمین سیدال خان نے کہا کہ افسوس کی بات ہے کہ آج عام آدمی کے مسائل پر بات ہونی تھی اور اپوزیشن نے کورم کی نشاندہی کردی ہے۔ اجلاس کے دوران سینٹ اجلاس میں منظور کاکڑ اور ڈپٹی چیئرمین سینٹ کے درمیان تلخ جملوں کا تبادلہ ہوا۔ ڈپٹی چیئرمین سینٹ سیدال خان نے کہا کہ آپ بیٹھ جائیں۔ سینیٹر منظور کاکڑ نے کہا کہ آپ ہاتھ نیچے کرکے بات کریں۔ جس پر ایوان میں شور شرابہ شروع ہوگیا۔ ڈپٹی چیئرمین نے کہا کہ سینیٹر علی ظفر بات کررہے ہیں۔ سینٹ اجلاس میں خیبرپی کے اور بلوچستان میں دہشت گردی کے واقعات میں شہید ہونے والوں کے لئے دعائے مغفرت کرائی گئی۔ سینیٹر شہادت اعوان نے سویلین اور سکیورٹی اہلکاروں کے لئے ایوان میں دعا کرائی۔ بعدازاں ڈپٹی چیئرمین سیدال خان نے ایوان کی کارروائی ہفتہ ساڑھے گیارہ بجے تک ملتوی کردی۔