وزیر قانون کی گفتگو کے آغاز پر ہی پی ٹی آئی کی ہنگامہ آرائی/ وقار عباسی

منگل کو ایوان زیریں کا اجلاس سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی زیر صدارت پارلیمنٹ ہاؤس میں منعقد ہوا۔ پی ٹی آئی کے ایم این اے شاہد خٹک نے کورم کی نشاندہی کی تو گنتی کرنے پر کورم پورا نکلا، لیگی رہنما سردار یوسف نے کہا حرام وہ کھا رہا ہے جو حلف کی خلاف ورزی کر رہا ہے یہ ایک مجرم کی حمایت میں شور شرابہ کر رہے ہیں، یہاں حاضری لگاکر تنخواہ وصول رہے ہیں۔ نور عالم خان نے اپنے صوبے میں غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کی نشاندہی کی۔ عالیہ کامران نے میڈیکل کالجوں کی فیسوں میں بے تحاشا اضافے کی نشاندہی کی جبکہ وفاقی وزیر ریاض حسین پیرز ادہ نے پانی کے مسئلے کی جانب توجہ مبذول کروائی۔ ایوان کی کارروائی ابھی جاری تھی کہ پاکستان تحریک انصاف کے رکن اقبال آفریدی نے کورم کی ایک مرتبہ نشاندہی کر دی جس کے بعد سپیکر نے اسمبلی اجلاس آج تک ملتوی کر دیا ہے۔